ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر ملک بھر میں محکمہ جنگلات اور ضلعی حکومتوں کے تعاون سے 20 لاکھ درخت لگائے جائیں گے’،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار کا پریس کانفرنس سے خطاب

156
SPECIAL ASSISTANT TO THE PRIME MINISTER ON YOUTH AFFAIRS, MUHAMMAD USMAN DAR TALKING TO MEDIA IN LAHORE ON AUGUST 8, 2020.

لاہور۔8 اگست (اے پی پی )وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان کو سرسبز وشاداب بنانے کیلئے (آج) اتوار کے روز ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر ملک بھر میں محکمہ جنگلات اور ضلعی حکومتوں کے تعاون سے 20 لاکھ درخت لگائے جائیں گے’ کراچی سے وزیرستان تک ہر جگہ ٹائیگر فورس کے جوان ہی نظر آئیں گے’ اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمارے شانہ بشانہ ملک کو سر سبز بنانے کیلئے پودے لگائے۔ وہ ہفتہ کے روز یہاں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ سیکرٹری جنگلات پنجاب کپیٹن (ر) محمد آصف بھی اس موقع موجود تھے۔عثمان ڈار نے کہاکہ ٹائیگر فورس کے نوجوان آج ایک تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں’ اس سے قبل ٹائیگر فورس کے ساڑھے تین لاکھ نوجوانوں نے کورونا کی وباء کے دوران مختلف شعبہ جات میں اپنی ذمہ داریاں بہادری سے سرانجام دیں’ راشن کی تقسیم’ احساس کفالت پروگرام مساجد میں ایس او پیز ‘ یوٹیلٹی سٹورز اورمختلف مقامات پر انہوں نے اپنی بھرپور خدمات انجام دیں اس لئے وزیراعظم آج اتوار کو اس دن کی مناسبت سے ان کو خراج تحسین پیش کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 520 مقامات پر محکمہ جنگلات اور ضلعی حکومت کے تعاون سے 12 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ خیبر پختونخواہ میں 853 مقامات پر 5 لاکھ پودے لگائے جائینگے’ وزیراعظم ٹائیگر فورس سے مل کر اسلام آباد میں ‘وزیراعلی پنجاب لاہور ‘ گورنر پنجاب شاہدرہ’ وزیراعلی خیبر پختونخواہ پشاور’ گورنر سندھ کراچی جبکہ تمام وفاقی اور صوبائی وزراء ملک بھر میں شجرکاری مہم میں حصہ لینگے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں میں پاکستان کو چینلجز کا سامنا ہے اور پاکستان اس وقت10گرم ترین ممالک کی صف میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو نوجوان ٹائیگر فورس میں شمولیت اختیار کرنا چاہتے ہیں وہ ہماری ایپ کے ذریعے ممبر بن سکتے ہیں’ عثمان ڈار نے اپوزیشن کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے پاکستان کو سر سبز بنانے کی اس مہم میں حصہ لیں’ انہوں نے شہباز شریف ‘ بلاول بھٹو’ مراد علی شاہ’ خواجہ آصف اور احسن اقبال کودعوت دیتے ہوئے کہاکہ وہ آئیں اور ان کے ساتھ مل کر پودے لگائیں’ انہوں نے کہاکہ آئیں مل کر پاکستان کو سر سبز بنائیں اوراس عمل سے یکجہتی کا پیغام بھی جائے گا’ ایک سوال کے جواب میں عثمان ڈار نے کہا کہ سندھ حکومت ایک لاکھ 54 ہزار ٹائیگر فورس کے جوانوں کو تسلیم کرے تو یہ نوجوان ان کے شانہ بشانہ کام کرنے کو تیار ہیں’ سندھ میں درختوں کی بہت ضرورت ہے’ سندھ ویران پڑا ہے’ انہوں نے کہا کہ پوری قوم آج دیکھے گی کہ کون کون درخت لگا رہا ہے’ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے نوجوان بغیر کسی معاوضے کے رضا کارانہ طورپر کام کر رہے ہیں’ وزیراعظم نے کہا تھا کہ نوجوان ان کا اثاثہ ہیں اس لئے وہ نوجوانوں کو زیادہ ترجیح دے رہے ہیں’ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کررونا کی وجہ سے بے روز گار ہونے والے نوجوانوں کو وزیراعظم 100 ارب روپے دینے جا رہے ہیں’ انہوں نے کہا کہ جو بھی ٹائیگر فورس کا نوجوان غیر قانونی کام کرے گا اس کے خلاف فوری قانون حرکت میں آئے گا’ ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری جنگلات نے بتایا کہ پورے پنجاب میں ان کی نرسریاں موجود ہیں جہاں پودے تیارہیں جو کل لگائے جائیں گے۔