ڈارون۔22اگست (اے پی پی):ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز میں پاکستان شاہینز نے نیپال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ گزشتہ روز ڈارون میں کھیلے گئے سیریز کے تیسویں میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔ کپتان محمد عرفان خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 42 رنز بنائے جن میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ عبدالصمد نے 26 اور محمد وسیم جونیئر نے 23 رنز بنائے۔ نیپال کی جانب سے سومپال کامی نے تین جبکہ نندن یادیو اور دیپندرا سنگھ ایری نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم بھرپور جدوجہد کے باوجود مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنا سکی۔ آخری اوور میں سنسنی خیزی عروج پر پہنچی اور نیپال کو آخری گیند پر جیت کے لیے تین رنز درکار تھے تاہم دیپندرا سنگھ ایری دوسرا رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 21 گیندوں پر 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی لیکن اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔ کپتان روہیت پاڈیل نے 52 اور آصف شیخ نے 27 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے فیصل اکرم اور محمد وسیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ فیصل اکرم نے آخری اوور میں نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے پاکستان شاہینز کو سنسنی خیز فتح دلائی۔ یہ شاہینز کی چھ میچ کھیل کر چوتھی کامیابی ہے۔