لندن۔10جولائی (اے پی پی):اٹلی کے نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر اور سربیا کے شہرت یافتہ ٹینس سٹار اورمجموعی طور پر 24 ویں گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح نوویک جوکووچ ومبلڈن اوپن ٹینس میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ۔ 23 سالہ اطالوی ٹینس سٹار نے مینز سنگلز کے کوارٹرفائنل میچ میں امریکا کے حریف کھلاڑی بینجمن ٹوڈ شیلٹن کو شکست دے کر سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیاجبکہ 24 گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والے سربین سٹار نوویک جوکووچ نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں اٹلی کے حریف کھلاڑی فلاویو کوبولی کو مات دے کر ٹاپ فور رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔
سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ رواں سال آسٹریلین اوپن کے چیمپئن اٹلی کے جینک سنر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا کے حریف کھلاڑی بینجمن ٹوڈ شیلٹن کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 6-7(2-7)،4-6اور 4-6 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
38سالہ سربیا کے ٹینس سٹار اورمجموعی طور پر 24 ویں گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح نوویک جوکووچ نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اٹلی کے حریف کھلاڑی فلاویو کوبولی کو 7-6(8-6)،2-6، 5-7 اور 4-6سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔سربین سٹار نوویک جوکووچ مجموعی طور پر 25 ویں گرینڈ سلام کے لئے کوشاں ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لئے اب ان کو صرف دو فتوحات درکار ہیں۔ سیمی فائنل رائونڈ میں نوویک جوکووچ کا مقابلہ ٹاپ سیڈڈ اٹالین کھلاڑی جینک سنر سے ہوگا۔