ٹرمپ کی شمالی کوریا کودھمکی کے بعد کشیدگی میں اضافہ

واشنگٹن۔ 9 اگست (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کو خبردار کیا ہے کہ اسے امریکا کے شدید غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ جرمن خبررساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے یہ بیان امریکی ذرائع ابلاغ پر جاری ہونے والی ان رپورٹوں کے بعد دیا جن کے مطابق پیانگ ینگ نے ایک چھوٹے سائز کا جوہری ہتھیار تیار کر لیا ہے۔ کچھ ہی گھنٹوں بعد شمالی کوریا کی جانب سے کہا گیا کہ پیسیفک کے جزیرے گوام پر امریکی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ قبل ازیں واشنگٹن پوسٹ نے انٹیلیجنس ایجنسی کے ذرائع سے اپنی رپورٹوں میں بتایا تھا کہ شمالی کوریااب اپنے میزائلز سے جوہری حملہ کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی پیش رفت کے بعد اس وقت خطے کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔