لاہور۔9جنوری (اے پی پی):سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی جانب سے اب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر ایف آئی آر درج ہو گی۔جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے، ناجائز تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف بھی ایف آئی آر درج ہوں گی۔اوورلوڈڈ گاڑیاں انسانی جانوں کے لئے خطرناک ہیں،اوورلوڈڈ رکشوں کے خلاف بھی پرچہ درج ہو گا اور تھانوں میں بندہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ خطرناک اور جان لیوا ہے، والدین اس کو روکنے کے لیے اہم کردار ادا کریں۔ سی ٹی او نے کہا کہ ہیوی ٹریفک کو شہر میں دن کے وقت داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔کم عمر ڈرائیورز کےخلاف بھی پرچہ درج ہوگا۔اطہر وحید نے بتایا کہ سٹی ٹریفک پولیس افسران کو بغیر نمبر پلیٹ، غیر نمونہ اور نمبر پلیٹ سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔