ٹریفک پولیس اوورسپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کو کیمروں کے ذریعے مؤثر تر بنایا جارہا ہے، ایس ایس پی ٹریفک اسلام آباد

61

اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) ایس ایس پی اسلام آباد ٹریفک پولیس فرخ رشید نے کہا ہے کہ اوورسپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کو مختلف شاہرائوں پر کیمرے نصب کر کے مؤثر تر بنایا جارہا ہے، اوور سپیڈنگ جان لیوا فعل ہے جسے ہر صورت روکنا ہے، ٹریفک قوانین پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے تما م زونل ڈی ایس پیز کو اوورسپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے ٹریفک قوانین پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کی جائے،انھوں نے ایجوکیشن ٹیم کو بھی ہدایت کی کہ شہریوں کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے متعلق ہر ممکن آگاہی فراہم کی جائے تاکہ شہری حادثات سے محفوظ رہیں اور روڈ ڈسپلن کو قائم رکھا جا سکے۔