ٹریفک پولیس نے جشن آزادی سے قبل ون ویلرز اور ہلڑبازوں کے خلاف کمرکس لی

140

فیصل آباد۔ 08 اگست (اے پی پی):فیصل آباد ٹریفک پولیس نے جشن آزادی سے قبل ون ویلرز اور ہلڑبازوں کے خلاف کمرکس لی ہے لہٰذا اب پکڑے جانیوالے ون ویلرز اور انکے سہولت کار موٹر مکینک دونوں کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔

چیف ٹریفک آفیسر سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد مقصود احمد لون نے کہا کہ اب ون ویلرز کی موٹرسائیکل تیار کرنے والا مکینک بھی جیل کی ہوا کھائے گاجبکہ جشن آزادی پر صوتی آلودگی، بغیر سائیلنسر، بفل نکالنے والے ہلڑبازوں کیخلاف بھی مقدمہ درج ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں انہوں نے سرکل افسران،ٹریفک انسپکٹرز اور وارڈنز کو ون ویلنگ اور کم عمر ڈرائیورز کیخلاف مہم چلانے کی ہدایت کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی تمام موٹرسائیکل مارکیٹوں میں اعلانات سمیت کارروائی بارے آگاہی دی جائے گی جبکہ سابقہ ریکارڈ یافتہ ون ویلرز کی ڈور نوکنگ کیلئے بھی پولیس کودرخواست کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 13 اور 14 اگست کو ون ویلرز اور ہلڑبازوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیلئے کینال روڈ، جیل روڈ و دیگر مصروف اور اہم شاہراہوں پر ناکے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کی موٹرسائیکلیں تھانوں، ٹریفک سیکٹرز میں بند کردی جائیں گی۔ سی ٹی او نے کہا کہ موٹرمکینکس ون ویلرز کی موٹرسائیکل تیار کرنے اور سائیلنسر اتارنے سے باز رہیں۔ مقصود لون نے والدین سے جشن آزادی پر مثبت کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں خصوصاً والدین کے تعاون سے ہی خونی کھیل کاخاتمہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس سوشل میڈیا پر بھی بھرپور آگاہی مہم چلا رہی ہے تاہم میڈیا سے بھی اپیل ہے کہ وہ شعور و آگاہی پیدا کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔