ٹریفک پولیس پنجاب نے گزشتہ مالی سال کے دوران جدید اور بین الاقوامی معیار کی اصلاحات نافذ کرتے ہوئے لائسنسنگ، ٹریفک مینجمنٹ اور شہری سہولیات کے نظام میں نمایاں بہتری لانے کا دعوی کیا ہے۔
ٹریفک پولیس پنجاب کاجدید اور بین الاقوامی معیار کی اصلاحات نافذ کرنے،سہولیات میں بہتری کا دعوی

مزید خبریں
لاہور۔1اگست (اے پی پی):ٹریفک پولیس پنجاب نے گزشتہ مالی سال کے دوران جدید اور بین الاقوامی معیار کی اصلاحات نافذ کرتے ہوئے لائسنسنگ، ٹریفک مینجمنٹ اور شہری سہولیات کے نظام میں نمایاں بہتری لانے کا دعوی کیا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ڈی ایل آئی ایم ایس 2.0 کے ذریعے لائسنسنگ نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شہریوں کو فریش لرننگ، لائسنس کی تجدید، ڈپلیکیٹ اور دیگر آن لائن سہولیات تیز، آسان اور شفاف انداز میں فراہم کی جا رہی ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت بھی متعارف کروا دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے صوبہ بھر میں 33 موبائل پولیس و لائسنسنگ یونٹس فعال کیے گئے ہیں، جبکہ موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹس کے ذریعے انصاف اور سرکاری خدمات تک رسائی مزید آسان بنائی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ایکسیڈنٹ ڈیسک کے قیام اور موثر تحقیقات کی بدولت ٹریفک حادثات میں35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ کنجیشن اور انکروچمنٹ ڈیسک کے قیام سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی اور صوبہ بھر میں سفر کے دورانیے میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ جدید نگرانی کے نظام سے لائسنسنگ کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی اور پی ایس وی ڈرائیونگ ٹیسٹوں کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ جاری ہے، جبکہ اے آئی ڈرائیونگ ٹیسٹ کار جدید لائسنسنگ نظام میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ہیڈ آف ٹریفک پنجاب کا کہنا تھا کہ جدید اصلاحات کے ذریعے پنجاب میں محفوظ، شفاف اور عالمی معیار کے مطابق ٹریفک اور لائسنسنگ نظام کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو مزید سہولیات اور آسانیاں فراہم کرنے کا عمل جاری رہے گا۔








