ٹورے پین پیسیفک اوپن ٹینس ،امریکی کھلاڑی جیسیکا پیگولا ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

178
ٹینس

ٹوکیو۔28ستمبر (اے پی پی): امریکا کی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ جیسیکا پیگولا ٹورے پین پیسیفک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئیں۔

انہوں نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیکنڈ رائونڈ میچ میں حریف ہسپانوی ٹینس کھلاڑی کرسٹینا بکسا کو شکست دی۔ڈبلیو ٹی اے کے زیر اہتمام ٹورے پین پیسیفک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاپان میں جاری ہے۔

خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے مرحلے کے میچ میں 29 سالہ امریکی ٹینس سٹار جیسیکا پیگولا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ہسپانوی ٹینس کھلاڑی کرسٹینا بکسا کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 2-6 سے ہرا کر ایونٹ کے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔