لاہور۔6نومبر (اے پی پی):لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ٹوٹل نیوٹریشن پولو کپ 2020ءکے دوسرے سیمی فائنل میں ڈائمنڈ پینٹس /ایف جی پولو ٹیم نے ٹیم اے او یس پولو کو 9-5.5 سے ہرا کر مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں آٹھ گول کے اس ٹورنامنٹ ٹوٹل نیوٹریشن کے اہم سیمی فائنل کو دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران آغا مرتضی،شاہ قبلائی عالم، فیروز گلزار، ثاقب خان خاکوانی، آغا نجیب رضا اور سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل(ر) مدثر شریف اور ٹیموں کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔سیمی فائنل کافی دلچسپ رہا۔ ڈائمنڈ پینٹس /ایف جی پولو ٹیم اور اے او ایس ٹیموں کے درمیان زبردست کانٹے کا مقابلہ رہا۔ دوسرے چکر کے اختتام تک میچ برابری پر تھا مگر تیسرے اور چوتھے چکر میں ڈائمنڈ پینٹس /ایف جی پولو ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے میچ 9-5.5 سے جیت لیا۔ ڈائمنڈ پینٹس /ایف جی پولو ٹیم کی طرف سے ثاقب خان خاکوانی نے شاندار کھیل پیش کیا اور تین جبکہ ٹام بروڈی نے بھی تین گول سکور کیے دیگر میں میر شعیب احمد اور میاں عباس مختار نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ٹیم اے او ایس کی طرف سے گی گبرٹ نے تین جبکہ احمد زبیر بٹ نے ایک گول سکور کیا جبکہ ڈیڑھ گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔ فائنل اتوار کو نیوایج کیبلز اور ڈائمنڈ پینٹس /ایف جی پولو ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا۔