ٹھنڈ ا ماحول اور صفائی کو برقرار رکھ کر مرغیوں کو بیماریوں سے بچایا جا سکتا ہے،ڈائریکٹر لائیو سٹاک

فیصل آباد۔ 11 جون (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل ۱ٓباد ڈویژن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حیدر علی خان نے پولٹری فارمرز اور مرغی پال افراد کو موسم گرما کی شدت کے دوران مرغیوں کو موسمی بیماریوں سے بچانے کیلئے شیڈز کی صفائی، پانی کے سپرے، ایئر کولرزکی تنصیب کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ مرغی پال حضرات شدید گرمی کے باعث فوری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی …

فیصل آباد۔ 11 جون (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل ۱ٓباد ڈویژن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حیدر علی خان نے پولٹری فارمرز اور مرغی پال افراد کو موسم گرما کی شدت کے دوران مرغیوں کو موسمی بیماریوں سے بچانے کیلئے شیڈز کی صفائی، پانی کے سپرے، ایئر کولرزکی تنصیب کی ہدایت کی ہے

اورکہاہے کہ مرغی پال حضرات شدید گرمی کے باعث فوری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ مرغیوں کو ہرقسم کی بیماریوں اور موسمی اثرات سے بچانا ممکن ہو سکے۔انہوںنے اے پی پی کو بتایاکہ موسم گرما کی شدت کے باعث مرغیوں میں رانی کھیت اور سانس کی بیماری پیداہونے کا شدید خدشہ ہوتاہے۔انہوںنے بتایاکہ اگر شیڈز میں موجودمرغیاں سست، نڈھال ہونے کے ساتھ ساتھ خوراک کم کھائیں اور ان کی چونچ، ناک، آنکھ سے لیس دار مادے کا اخراج محسوس ہو تو یہ رانی کھیت کی بیماری کی علامات ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اگر مرغیاں سبزی مائل پیچش کے علاوہ انڈوں کی پیداوار میں کمی کریں تو یہ سانس کی بیماری کی علامات کاحصہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ پولٹری فارمرز فوری طور پر شیڈز کی صفائی یقینی بنائیں اور شیڈز میں پانی کے سپرے کے علاوہ پنکھے اور ایئرکولرز بھی نصب کریں تاکہ ٹھنڈے ماحول اور صفائی کے باعث مرغیوںکو بیماریوں سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مرغی پال حضرات اور پولٹری فارمرز کسی مسئلہ کی صورت میں فوری قریبی ویٹرنری ہسپتال، ویٹرنری ڈسپنسریز، محکمہ لائیو سٹاک کے موبائل یونٹس اور ماہرین لائیو سٹاک کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں محکمہ لائیو سٹاک کی فری ہیلپ لائن سے بھی رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے