ٹیلی نار کے حصول کیلئے تاریخی فنانسنگ معاہدہ کی تقریب،پی ٹی سی ایل اور آئی ایف سی سنڈیکیٹ کی شرکت

108
PTCL
PTCL

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کنسورشیم نے کراچی میں پی ٹی سی ایل کی جانب سے ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے حصول (ریگولیٹری منظوری سے مشروط) کے تاریخی فنانسنگ کی خوشی اور معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔

جمعرات کو جاری بیان کے مطابق پی ٹی سی ایل نے دسمبر 2023 میں ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں 100 فیصد حصص کے حصول کے لئے ٹیلی نار (اے ایس اے) کے ساتھ حصص کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کئے تھے۔ پی ٹی سی ایل نے منصوبے کی فنانسنگ کے لئے آئی ایف سی سے رابطہ کیا، جسے اپریل 2024 میں منظور کیا گیا اور آئی ایف سی بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس کی توثیق کی۔ آئی ایف سی کنسورشیم میں سلک روڈ فنڈ (ایس آر ایف) اور برطانیہ کا ترقیاتی مالیاتی ادارہ، برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ (بی آئی آئی) شامل ہیں۔

گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ پی ٹی سی ایل اور یوفون فورجی کے صدر و گروپ سی ای او حاتم بامطرف، آئی ایف سی کے ریجنل ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ، پاکستان اور افغانستان، خواجہ آفتاب احمد، متحدہ عرب امارات کے سفیر، برطانوی ہائی کمشنر، کنسورشیم کے نمائندے اور پی ٹی سی ایل گروپ کے اعلیٰ عہدیدار بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔ یہ تقریب جون 2024 میں 400 ملین ڈالرزکی فنانسنگ معاہدے پر ہونے والے دستخطوں کے بعد پی ٹی سی ایل کی جانب سے ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز کے حصول میں سب سے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی گورنر اسٹیٹ بینک، جمیل احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں آئی ایف سی کی فنانسنگ سے اس شعبے کی ترقی کی صلاحیتوں پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ پاکستان کا ٹیلی کام اور ڈیجیٹل سیکٹر قومی معیشت میں اہم کردار کا حامل ہے اور اس کی ترقی اور استحکام ملک کی اقتصادی خوشحالی پر مثبت اثر ڈالتے ہیں۔ سٹیٹ بینک ٹیلی کام شعبے میں ہونے والی اس اہم تبدیلی کے عمل میں مکمل تعاون فراہم کر رہاہے اور امید رکھتا ہے کہ جلد ہی ملک پر اس کے مثبت اثرات دیکھنے کو ملیں گے۔

صدر و گروپ سی ای او، پی ٹی سی ایل و یوفون فورجی حاتم بامطرف نے کہا کہ ہم آئی ایف سی کی زیر قیادت کنسورشیم کی جانب سے اس انقلابی معاہدے کی مالی اعانت کرنے پر تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔ یہ معاہدہ پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ انڈسٹری میں اب تک کی سب سے بڑی سنگل فنانسنگ ہے، جو نہ صرف پی ٹی سی ایل گروپ کو مستحکم کرے گی، بلکہ پورے ٹیلی کام سیکٹر کے طویل مدتی مالی استحکام اور ترقی کے فروغ کا باعث بنے گی۔

اس سے قومی معیشت اور معاشرتی ترقی میں حصہ ڈالنے کی ٹیلی کام انڈسٹری کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ اس تزویراتی اقدام کے ذریعے پی ٹی سی ایل گروپ مستقبل قریب میں پاکستان بھر میں صارفین کو اعلیٰ معیار کی سیلولر اور ڈیٹا سروسز فراہم کرنے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ آئی ایف سی کے ریجنل ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ، پاکستان اور افغانستان، خواجہ آفتاب احمد نے کہا کہ پاکستان کی ٹیلی کمیونی کیشن مارکیٹ ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے نمایاں مواقع کی حامل ہے۔

یہ سرمایہ کاری آئی ایف سی کی جانب سے پی ٹی سی ایل گروپ، حکومت پاکستان سمیت ہمارے شراکت داروں اور شریک سرمایہ کاروں، بی آئی آئی اور ایس آر ایف کے ساتھ مل کر ملک میں جامع، اعلیٰ معیار کی ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی اور انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی نے پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ فنانسنگ ڈیل طے پانے کے بعد پی ٹی سی ایل گروپ ٹیلی نار پاکستان کے حصول کو حتمی شکل دینے کیلئے مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کی منظوری کا منتظر ہے۔