راولپنڈی۔15نومبر (اے پی پی):زمبابوے کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ڈایون ابراہیم نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کے لیے پرعزم ہے۔ اسلام آباد کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیریز کے لیے کھلاڑیوں کا جوش و خروش عروج پر ہے اور وہ پاکستان کی کنڈیشنز میں چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار …
ٹیم سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کیلئے پرعزم ہے،زمبابوین اسسٹنٹ کوچ
راولپنڈی۔15نومبر (اے پی پی):زمبابوے کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ڈایون ابراہیم نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کے لیے پرعزم ہے۔ اسلام آباد کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیریز کے لیے کھلاڑیوں کا جوش و خروش عروج پر ہے اور وہ پاکستان کی کنڈیشنز میں چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ڈایون ابراہیم نے کہا کہ زمبابوے کے کھلاڑی پی ایس ایل کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں جو ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم گزشتہ ایک سال سے مسلسل محنت اور مسابقتی کرکٹ کھیل رہی ہے اور کوشش ہے کہ سیریز میں کامیابی حاصل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ میں کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کیا جا سکتا، وہ اپنے حریفوں کی صلاحیتوں کا مکمل احترام کرتے ہیں۔ ڈایون ابراہیم نے سابق کھلاڑی کی حیثیت سے کوچنگ اسٹاف کا حصہ بننے پر فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ٹیم کی بہتری کے لیے مستقل کوششیں کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان سہ ملکی ٹی 20 سیریز 18 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو گی۔ سیریز کے تمام میچز اسی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، افتتاحی میچ 18 نومبر کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہو گا۔ ہر ٹیم چار، چار میچز کھیلے گی جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست دو ٹیمیں 29 نومبر کو شیڈول فائنل میں مد مقابل ہوں گی۔









