ٹیکسٹائل اور لیدر کے شعبے میں پاکستان کا عالمی سطح پر اہم کردار ہے،وزیر تجارت جام کمال

180
Jam Kamal Khan

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل اور لیدر کے شعبے میں پاکستان کا عالمی سطح پر اہم کردار ہے،پاکستانی برآمد کنندگان ماحول دوست اور شفافیت کے عالمی معیار پر پورا اتر رہے ہیں،حکومت بھی ٹیکسٹائل اور لیدر صنعتوں کے لیے صاف توانائی اور پانی کی بچت پر زور دے رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کراچی ایکسپو سینٹر میں پاکستان کی 5ویں بین الاقوامی ٹیکسٹائل اور لیدر نمائش ’’ٹیکسپو 2024‘‘کے افتتاح کے موقع پرکیا۔ نمائش کا افتتاح وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور نمائش کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کیا جبکہ گورنر خیبر پختونخوافیصل کریم کنڈی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجار ت نے کہا کہ ٹیکسٹائل اور لیدر کی صنعتوں میں پاکستان کا عالمی سطح پر اہم کردار ہے ، پاکستانی مصنوعات عالمی معیار کی ہیں، ٹیکسپو میں جدید مصنوعات کی نمائش، ٹیکسٹائل اور لیدر مصنوعات پاکستان کی قومی برآمدات کا 60 فیصد حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل اور لیدر کی صنعتوں کی ترقی میں ہنر مند افراد کا کردار اہم ہے،

پاکستان کی ٹیکسٹائل اور لیدر صنعت میں اعلیٰ قدر کی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی برآمدات،پاکستانی برآمد کنندگان ماحول دوست اور شفافیت کے عالمی معیار پر پورا اتر رہے ہیں، نیٹ زیرو پاکستان اقدام کے تحت کمپنیوں کی پائیداری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ جام کمال خان نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں عالمی معیار کے مطابق خود کو ڈھال رہی ہیں، حکومت ٹیکسٹائل اور لیدر صنعتوں کے لیے صاف توانائی اور پانی کی بچت پر زور دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی کمپلائنس سینٹر کے قیام سے عالمی معیارات پر پورا اترنے میں مدد ملے گی، کووڈ-19 کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل اور لیدر صنعتوں کا عزم اور جدوجہدقابل ستائش ہے،

حکومت صنعتوں کو سستے نرخوں پر توانائی فراہم کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، 2022 میں 18.86 ارب ڈالر کی تاریخی برآمدات ہوئیں،پاکستان کا ٹیکسٹائل اور لیدر صنعتوں کا مستقبل روشن اور پائیدار ہے، ہم ٹیکسٹائل اور لیدر صنعتوں میں مزید جدت اور تنوع لانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل اور لیدر صنعتوں میں حکومت کا نجی شعبے کے ساتھ قریبی تعاون ہے ،

پاکستان کی مصنوعات عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔وزیر تجارت نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی صنعتوں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے یہ نمائش اہم ہے۔ اس موقع پرگورنر کے پی نے جام کمال خان کو پشاور میں بھی ایک ایسی ہی ٹیکسپو کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ سکتی ہے کہ پاکستان کتنا محفوظ ملک ہے جہاں آج 52 سے زیادہ ملکوں نے شرکت کی ئے۔ جام کمال خان نے تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروبار ی افراد کو خوش آمدید کرتے ہوئے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔