39.6 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 24, 2025
ہومقومی خبریںٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے کی پیش گوئی کے قابل پالیسی اقدامات...

ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے کی پیش گوئی کے قابل پالیسی اقدامات کی درخواست، وزیر تجارت کا بجٹ میں مکمل تعاون کا یقین

- Advertisement -

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):پاکستان ٹیکسٹائل کونسل پی ٹی سی)کے چیئرمین فواد انور، نوینا گروپ کے چیئرمین آصف تاتا، اور سی ای او محمد ایچ شفقات کی قیادت میں ایک وفد نے وفاقی وزیر برائے تجارت، جام کمال خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹیرف اور ٹیکس میں اصلاحات، توانائی کی قیمتوں، سبز سرمایہ کاری اور دیگر اہم پالیسی اقدامات پر گفتگو کی گئی جو ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے کی مسابقت، پائیداری اور ترقی کے لیے ضروری ہیں۔

چیئرمین فواد انور نے اس بات پر زور دیا کہ اگر سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو یہ شعبہ فوری طور پر سالانہ 3 سے 4 ارب امریکی ڈالر کی اضافی برآمدات میں کردار ادا کر سکتا ہے، جو وفاقی حکومت کے وژن اور پالیسیوں کے عین مطابق ہے۔وزیر تجارت جام کمال خان نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت آئندہ وفاقی بجٹ میں برآمدی شعبوں کی مکمل معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم علاقائی ٹیرف برابری کی جانب گامزن ہیں اور بتایا کہ اس سلسلے میں وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ٹیرف اصلاحات کے لیے ایک پائیدار فریم ورک تیار کرے گی۔

- Advertisement -

انہوں نےکہا کہ ہمیں توازن قائم رکھنا ہوگا،کمی وقت کے ساتھ ہوگی لیکن حکومت صنعتی ترقی میں معاونت کے لیے پرعزم ہے۔ملاقات میں توانائی کے نرخوں میں علاقائی مسابقت، ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے مؤثر استعمال، اور حکومتی امدادی اسکیموں کے تحت واجب الادا کلیمز کی فوری ادائیگی جیسے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔پی ٹی سی نے شعبے کو بین الاقوامی پائیداری کے تقاضے پورے کرنے اور صنعتی ڈی کاربنائزیشن کو فروغ دینے کے لیے “گرین کریڈٹ سکیمز” متعارف کرانے کی بھی سفارش کی۔

وزیر تجارت نے پالیسیوں میں تسلسل کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ برآمدی صنعت کی ترقی نہ صرف عالمی منڈیوں میں اعلیٰ معیار اور مناسب قیمت پر مصنوعات فراہم کرنے کا ذریعہ بنے گی بلکہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کو بھی فروغ دے گی۔وفد نے نشاندہی کی کہ صنعت کا ایک بڑا حصہ پہلے ہی شمسی، بایو ماس اور ہوا سے حاصل ہونے والی متبادل توانائی کی طرف منتقل ہو رہا ہے، اور اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے حکومتی تعاون ناگزیر ہے۔

وزیر تجارت جام کمال خان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت اقتصادی پالیسیوں کو برآمدکنندگان کی ضروریات کے مطابق ہم آہنگ کرنے اور فوری اصلاحات متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا، “فارمل صنعت کو ترقی دیں، سرمایہ کاری کا موقع دیں، یہی معیشت کی ترقی کا راستہ ہے۔ملاقات کا اختتام باہمی مشاورت اور تعاون کے اس عزم پر ہوا کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے کو قومی اقتصادی ترجیحات کے مطابق مکمل ترجیح دی جائے گی، جو ملک کے سب سے اہم معاشی ستونوں میں سے ایک ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600937

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں