فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے سیاسی قیادت، مسلح افواج اور قومی عزم کے اعزاز میں عشائیہ

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ’’معرکۂ حق‘‘ اور ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے دوران ملک کی سیاسی قیادت، مسلح افواج کی لازوال قربانیوں اور پاکستانی قوم کے ناقابل تسخیر عزم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پُروقار عشائیہ کا اہتمام کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اس پُروقار تقریب میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد …

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ’’معرکۂ حق‘‘ اور ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے دوران ملک کی سیاسی قیادت، مسلح افواج کی لازوال قربانیوں اور پاکستانی قوم کے ناقابل تسخیر عزم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پُروقار عشائیہ کا اہتمام کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اس پُروقار تقریب میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار ، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزراء، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف ایئر اسٹاف اور نیول اسٹاف، بڑی سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت، اعلیٰ سرکاری حکام اور تینوں افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

شرکاء نے اس بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا جس نے قوم کو ایک فیصلہ کن موڑ پر کامیابی سے ہمکنار کیا، مسلح افواج کی جرأت اور قربانیوں کو سراہا اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم حب الوطنی کی تعریف کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ’’معرکۂ حق‘‘ کے دوران سیاسی قیادت کی اسٹریٹجک دوراندیشی پر گہرے تشکر کا اظہار کیا اور انٹر سروسز کوآرڈینیشن کو سراہا جس نے ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کی کامیابی کو یقینی بنایا۔

انہوں نے بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا کے غیر متزلزل کردار کو بھی سراہا، جنہیں انہوں نے “فولادی دیوار” قرار دیا جو گمراہ کن مہم کے خلاف ڈٹ کر کھڑے رہے۔ فیلڈ مارشل نے پاکستانی سائنسدانوں، انجینئروں اور سفارتکاروں کی شاندار خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جن کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم اس تنازعے میں فیصلہ کن ثابت ہوئے۔یہ شام قومی یکجہتی اور اس اجتماعی عزم کا زبردست اظہار ثابت ہوئی کہ پاکستان مزید مضبوطی، توانائی اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا۔

مزید خبریں