ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 4 ماہ کے دوران 10 فیصد اضافہ

96

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 10 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک اور پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سا ل کے پہلے 4 ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 6.146 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ سا ل کی اسی مدت کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ سا ل کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 5.565 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ اکتوبر میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا حجم 1.626 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سا ل اکتوبر کے مقابلہ میں 13 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ سا ل اکتوبر میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 1.437 ارب ڈالر زر مبادلہ حاصل ہوا تھا۔ ستمبر کے مقابلہ میں اکتوبر میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر ایک فیصدکی نمو ریکارڈکی گئی ۔ ستمبر میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا حجم 1.605 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا تھا جو اکتوبر میں بڑھ کر 1.626 ارب ڈالر ہو گیا۔