اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات میں رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران 27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2021 کے دوران برآمدات کا حجم 6.021 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال اس مدت کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات سے 4.758 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے چار مہینوں کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی قومی برآمدات میں 1.263 ارب ڈالر یعنی 26.55 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی بی ایس کے مطابق ستمبر 2021 کے مقابلہ میں اکتوبر 2021 کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات میں 7.65 فیصد اضافہ سے برآمدات کی مالیت ستمبر 2021 کی 1.487 ارب ڈالر کے مقابلہ میں اکتوبر 2021 کے دوران 1.6 ارب ڈالر تک بڑھ گئی۔
اسی طرح سالانہ بنیادوں پر اکتوبر 2020 کے مقابلہ میں اکتوبر 2021 کے دوران شعبہ کی برآمدات 24.24 فیصد اضافہ سے 1.288 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.6 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔