ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے تمام بینک 28، 29 اور 30 جون 2024ء کو کھلے رہیں گے

262
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے تمام بینک 28، 29 اور 30 جون 2024ء کو کھلے رہیں گے۔ سٹیٹ بینک سے جاری اعلامیہ کے مطابق ٹیکس دہندگان کو متبادل ڈلیوری چینلز (اے ڈی سی) اوور دی کاؤنٹر سہولتوں کے ذریعے سرکاری ڈیوٹیوں/ٹیکسوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کی غرض سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام بینک 28، 29 اور 30 جون 2024ء کو درج ذیل اوقاتِ کار کی پابندی کریں گے ۔

جمعہ 28 جون 2024ء کو تمام کمرشل بینک صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ 29 جون 2024ء بروز ہفتہ بینکوں کی وہ تمام برانچیں جو ہفتے کو کھلی رہتی ہیں ان کے اوقاتِ کار صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک ہوں گے۔ 30 جون 2024ء بروز اتوار، بینکوں کی وہ تمام برانچیں جو ہفتے کو کھلی رہتی ہیں، ان کے اوقاتِ کار صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک ہوں گے۔ ان تین دنوں کے دوران، نفٹ (NIFT) بینکوں کے کاؤنٹرز سے صرف سرکاری وصولیوں اور ادائیگیوں سے متعلق دستاویزات جمعہ اور ہفتے کو شام 6 بجے جبکہ اتوار کو صبح 10 بجے وصول کرے گا، ان دستاویزات کا تصفیہ وصولی کے اگلے روز خصوصی کلئیرنگ کے ذریعے کیا جائے گا اور نفٹ 29 اور 30 جون 2024ء کو دوپہر ایک بجے اور یکم جولائی 2024ء کو صبح 10 بجے کلئیرنگ فیٹ فراہم کرے گا۔

یکم جولائی 2024ء کو مالی سال 2023-24ء کی کلوزنگ کے مقصد کے لئے اسٹیٹ بینک اور پرزم(PRISM) 30 جون 2024ء کی تاریخ کو بطور یومِ کار کھلے رہیں گے۔ بینکوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس کے مطابق اپنے سسٹمز میں 29 اور 30 جون، 2024ء کو بطور یومِ کار درج کریں تاکہ مذکورہ شیڈول کے مطابق خصوصی کلیئرنگ انجام دی جاسکے۔

ٹیکس وصولیوں کے التوا کو دور کرنے کے لیے بینک اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مذکورہ بالا دفتری اوقات کے دوران سرکاری وصولیوں سے متعلق دی گئی کوئی بھی دستاویز برانچ کاؤنٹرز پر نظر انداز نہ کی جائے اور اسے 30 جون 2024ء کی تاریخ میں مذکورہ خصوصی کلیئرنگ میں شامل کیا جائے۔ تمام بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کلیئرنگ سے متعلق اپنی برانچوں کو 28، 29 اور 30 جون 2024ء کو اس وقت تک کھلا رکھیں ، جو نفٹ کی جانب سے سرکاری لین دین کی خصوصی کلیئرنگ میں سہولت دینے کے لئے ضروری ہے۔