اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ ٹیکس کی بنیاد اوردائرہ کارمیں توسیع زورزبردستی نہیں بلکہ مشاورت سے کی جائےگی۔
ہفتہ کواپنی ٹویٹس میں انہوں نے کہاکہ نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں لاکھوں دکانوں کوٹیکس نیٹ میں لایاگیاہے۔ جیولرز کو بھی ٹیکس کے دائرہ کارمیں لایاجارہاہے اورکسی کوشک نہیں ہونا چاہئے کہ آنےوالے مہینوں میں پروفیشنلز کو ٹیکس نیٹ میں لایاجائےگا۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ چھوٹے دکانداروں اورجیولرز کوٹیکس کے دائرہ کارمیں لانے کیلئے ان کی ایسوسی ایشنزسے بات چیت کی ہے اوران کی مرضی سے انہیں ٹیکس کے دائرہ کارمیں لایاگیاہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ اب رئیل اسٹیٹ بروکرز، بلڈرز، ہاوسنگ سوسایٹیز ڈویلپرز، کارڈیلرز، ریستوران، سیلون وغیرہ کوٹیکس کے دائرہ کارمیں لایاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ ٹیکس کی بنیاد اوردائرہ کارمیں توسیع زورزبردستی نہیں بلکہ مشاورت سے کی جائےگی۔