ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری پر پابندی کی امریکی پالیسی کے خلاف اپنے حقوق اور مفادات کاتحفظ کر یں گے ، چین

127
امریکا چینی اداروں اور شہریوں پر بلاجواز جبربند کرے، چین

بیجنگ۔10اگست (اے پی پی):چین نے امریکا پر گلوبل سپلائی چینز میں رکاوٹیں حائل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری پر پابندی کی امریکی پالیسی کے خلاف چین اپنے حقوق اور مفادات کاتحفظ کرے گا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے گزشتہ روز ایگزیکٹو حکم نامے میں محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ سیمی کنڈکٹرز، کوانٹم کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت سمیت حساس ہائی ٹیک شعبوں میں چین میں امریکی سرمایہ کاری کو محدود کرے۔

چین کی وزارت خارجہ نے اس اقدام کو عالمگیریت مخالف اور ڈی سینکائزیشن میں ملوث ہونے کی کوشش قرار دیتے ہوئے متنبہ کیا کہ چین مکمل طور پر اپنے حقوق اور مفادات کا تحفظ کرے گا۔ چینی وزارت کے ترجمان نے اپنا نام ظاہر کیے بغیر آن لائن جاری بیان میں کہا کہ چین امریکا کی جانب سے چین میں سرمایہ کاری پر پابندیاں متعارف کرانے کے بیان کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور اس نے امریکا کے ساتھ اس سلسلے میں سخت شکایت کی ہے۔

چینی وزارت تجارت نے ایک علیحدہ بیان میں کہا کہ بائیڈن کا ایگزیکٹو آرڈر مارکیٹ اکانومی اور منصفانہ مسابقت کے اصولوں کے سنگین منافی ہے جس کا امریکانے ہمیشہ فروغ دیا ہے اور کمپنیوں کے عام آپریشن کے فیصلوں کو متاثر کرتا ، بین الاقوامی تجارتی آرڈر کو نقصان پہنچاتا اور عالمی صنعتی اور سپلائی چینز کی سلامتی کو بری طرح متاثر کرتا ہے۔

وزارت تجارت نے مخصوص جوابی اقدامات کا ذکر کیے بغیر کہا کہ چین اس بارے میں شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے اور اس کے خلاف اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ امریکا مصنوعی طور پر عالمی اقتصادی اور تجارتی تبادلے اور تعاون میں رکاوٹ ڈالنے اور عالمی معیشت کی بحالی کے لیے رکاوٹیں حائل کرنے سے گریز کرے گا۔