ٹیکنالوجی کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 7ماہ میں 26فیصد کااضافہ

160
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):ٹیکنالوجی کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 7ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 26فیصد کااضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سےجاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ٹیکنالوجی کی برآمدات کاحجم 2.177 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 26 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکنالوجی کی برآمدات سے ملک کو 1.721 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ جنوری میں ٹیکنالوجی مصنوعات کاحجم 313 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 18 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ سا ل جنوری میں ٹیکنالوجی کی برآمدات کاحجم 265 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیاتھا۔ دسمبر کے مقابلہ میں جنوری میں ٹیکنالوجی مصنوعات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 10 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ دسمبر میں ٹیکنالوجی مصنوعات کی برآمدات کاحجم 348 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا جو جنوری میں کم ہو کر 313 ملین ڈالر ہو گیا۔