ٹیک ویلی پاکستان کے زیراہتمام پبلک سیکٹر کے لیے گوگل اے آئی: اسٹریٹجک گورننس اور ادارہ جاتی اثرات” کے عنوان سے ورکشاپ کا انعقاد،شرکا کو اے آئی کے عملی استعمال بارے بریفنگ

لاہور۔27جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پنجاب کابینہ اور وزیر اعلیٰ آفس کے اعلیٰ حکام کو جدید ڈیجیٹل گورننس ٹولز بارے آگاہ کیا گیا۔پبلک سیکٹر کے لیے گوگل اے آئی: اسٹریٹجک گورننس اور ادارہ جاتی اثرات" کے عنوان سے منعقدہ اس ورکشاپ کا …

لاہور۔27جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پنجاب کابینہ اور وزیر اعلیٰ آفس کے اعلیٰ حکام کو جدید ڈیجیٹل گورننس ٹولز بارے آگاہ کیا گیا۔پبلک سیکٹر کے لیے گوگل اے آئی: اسٹریٹجک گورننس اور ادارہ جاتی اثرات” کے عنوان سے منعقدہ اس ورکشاپ کا اہتمام ٹیک ویلی پاکستان نے کیا، جس میں بین الاقوامی ماہرین نے عوامی خدمات کی فراہمی کو مؤثر، شفاف اور تیز رفتار بنانے کے لیے اے آئی کے عملی استعمال پر بریفنگ دی۔

ورکشاپ کے دوران شرکاء کو بتایا گیا کہ کس طرح مصنوعی ذہانت کی مدد سے پالیسی سازی، اثرات پر مبنی رپورٹس اور سرکاری دستاویزات کا فوری تجزیہ ممکن ہے۔ لائیو سیشنز میں گوگل جیمنائی ٹیکنالوجی کے ذریعے پیچیدہ سرکاری رپورٹس کو مختصر کابینہ سمریز، اردو زبان میں سوشل میڈیا مواد اور ایگزیکٹو پریس ریلیزز میں تبدیل کر کے عملی مظاہرہ کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹیک ویلی پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر فاروق نے پنجاب میں گوگل فار ایجوکیشن کے ساتھ جاری شراکت داریوں کا جائزہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی، اسٹریٹجی اور گورننس کا مؤثر امتزاج اس وقت ہی کامیاب ہو سکتا ہے جب ڈیجیٹل آٹومیشن حکومتی قیادت کے اخلاقی اور اسٹریٹجک کنٹرول میں رہے۔گوگل کی ریجنل ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایڈوائزر الیکس گیلینڈ نے تعلیمی شعبے میں جیمنائی ایکو سسٹم کے استعمال پر روشنی ڈالتے ہوئے اسکول سے باہر بچوں کے مسئلے کے حل کے لیے ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملٹی موڈل اے آئی ٹیکنالوجی متن، تصاویر اور ڈیٹا کے تجزیے کے ذریعے مساوی تعلیمی مواقع کو فروغ دے سکتی ہے۔ورکشاپ کے اختتامی سیشن میں گوگل کے اسپیشل انیشی ایٹوز لیڈ ٹم پاؤلینی نے "ڈیجیٹل سیکرٹری” کے تصور سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اے آئی ماڈل وزیر اعلیٰ آفس کے لیے کئی گنا مؤثر اورمعاون ثابت ہو سکتا ہے، جو انتظامی امور کو خودکار بنا کر پالیسی کے مؤثر نفاذ میں مدد فراہم کرے گا۔

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری بھی موجود تھیں۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ ورکشاپ وزیر اعلیٰ کے فوری خدمات کی فراہمی کے کی عملی مثال ہے، جس کے ذریعے پنجاب کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار، شفاف اور جدید صوبہ بنایا جا رہا ہے۔