ابوظہبی۔31اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2021میں افغانستان نے سپر 12 رائونڈ کے اہم میچ میں نمیبیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد62 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ افغان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 160 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ محمد شہزاد نے 45 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ نمیبیا کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بنا سکی۔ نوین الحق اور حامد حسن نے تین، تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
نوین الحق کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ اتوار کو زید کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 27 ویں میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ حضرت اللہ زازئی اور محمد شہزاد نے 53 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ حضرت اللہ نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے۔ جارح مزاج بلے باز محمد شہزاد نے 33 گیندوں پر 45 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔
اپنے کیریئر کا آخری میچ کھیلنے والے اصغر افغان نے 31 جبکہ محمد نبی نے ناقابل شکست 32 رنز بنائے۔ اس طرح افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ روبن ٹرمپلمین اور جان نکول لوفٹی ایٹن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ نمیبیا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بنائے۔ نمیبیا کے بیٹرز افغان مضبوط بائولنگ اٹیک کے سامنے بے بس نظر آئے۔
ڈیوڈ ویزے 26 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ اوپنر کریگ ولیمز ایک، مائیکل وان لنگن 11، جان نکول لوفٹی ایٹن 14، کپتان گیرہارڈ ایراسمس 12 اور زین گرین ایک رن بنا سکے۔ افغانستان کی جانب سے نوین الحق اور حامد حسن نے تین، تین جبکہ گلبدین نائب نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ نوین الحق کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔