ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ،سری لنکا نے آئرلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 70رنز سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی

55

ابوظہبی۔20اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سری لنکا نے آئرلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 70 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے، 8 رنز پر ابتدائی تین وکٹیں کھونے کے بعد پاتھم نشانکا اور وانندو ہسارنگا نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار نصف سنچریاں سکور بنا کر ٹیم کے مجموعہ کو مستحکم کیا، ہسارنگا 71 اور نشانکا 61 رنز بنا کر نمایاں رہے، جواب میں آئرش ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 19ویں اوور میں 101 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ہسارنگا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

بدھ کو ابوظہبی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ پہلے رائونڈ کے گروپ اے میچ میں سری لنکن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، سری لنکن ٹیم کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 8 کے سکور پر اس کے 3 کھلاڑی آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، اس موقع پر پاتھم نشانکا اور وانندو ہسارنگا نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 123 رنز بنا کر ٹیم کا سکور 133 تک پہنچا دیا، ہسارنگا 71 رنز بنا کر نمایاں رہے

جبکہ نشانکا 61 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کپتان ڈاسن شناکا 21 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، جوش لٹل نے 4 وکٹیں لیں۔ جواب میں آئرش ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 18.3 اوورز میں 101 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کپتان اینڈی بلبرائن 41 رنز بنا کر نمایاں رہے، کورٹس کیمفر 24 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مہیش نے 3، لاہیرو کمارا اور چھمیکا نے دو، دو وکٹیں لیں۔