ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ،پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد10وکٹوں سے شکست دے دی،بابر اور رضوان کی ریکارڈ شراکت،شاہین آفریدی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

226

دبئی۔24اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ2021میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شاہینوں نے بھارت کی طرف سے دیا گیا 152 رنز کا ہدف 17.5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا، محمد رضوان نے 79اور کپتان بابر اعظم نے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان کو تاریخی کامیابی دلا دی۔ دونوں بلے بازوں نے بھارت کے خلاف بڑی اوپننگ شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔

گرین شرٹس کی یہ ٹی ٹونٹی عالمی مقابلوں میں بھارت کے خلاف پہلی فتح ہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے آغاز میں روہیت شرما اور لوکیش راہول کر آئوٹ کر کے بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔

ویرات کوہلی کے علاوہ کوئی بھی بلے باز پاکستانی بائولرز کو جم کر نہ کھیل سکا۔ شاہین آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، انہیں مرد میدان قرار دیا گیا، گرین شرٹس کی فتح کے ساتھ ہی پاکستان بھر میں جشن، مداحوں کا ڈھول کی تھاپ پر رقص اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں جبکہ بھارت میں صف ماتم بچھ گئی۔ اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سپر 12 مرحلے کے چوتھے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

بھارت کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور اس کی پہلی دو وکٹیں 6 کے مجموعی سکور پر گر گئیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلے اوور میں روہت شرما کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کر دیا جبکہ دوسرے اوور میں لوکیش راہول کو 3 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کر کے بھارتی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ جلد دو وکٹیں گرنے کے بعد ویرات کوہلی کا ساتھ دینے سوریا کمار یادیو آئے اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لئے 25 رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور31 تک پہنچایا۔

اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی چھٹے اوور میں حسن علی نے سوریا کمار یادیو کو 11 کے انفرادی سکور پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرا دیا۔ ویرات کوہلی اور ریشابھ پنٹ کے مابین 53 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ریشابھ پنٹ چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 39 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا نشانہ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے کپتان ویرات کوہلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی، رویندرا جدیجا بھارت کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 13 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر متبادل کھلاڑی محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بائولنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ویرات کوہلی کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ کوہلی نے 49 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔ ہارڈیک پانڈیا 11 رنز بنا کر حارث رئوف کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔

اس طرح بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بائولر رہے۔ حسن علی نے دو جبکہ شاداب خان اور حارث رئوف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 17.5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا، دونوں بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 152 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کر کے پاکستان کو تاریخی فتح دلا دی۔ محمد رضوان نے 55 گیندوں پر 79 اور بابر اعظم نے 52 گیندوں پر 68 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔