ٹی ڈی سی پی کی تازہ ترین پر کشش سہولیات، کوٹلی ستیاں پرکشش سیاحتی مقام میں تبدیل
ٹی ڈی سی پی کی تازہ ترین پر کشش سہولیات، کوٹلی ستیاں پرکشش سیاحتی مقام میں تبدیل

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی) نےکوٹلی ستیاں میں سیاحت کے فروغ کے لیےخوبصورتی سے ڈیزائن کیے گئے ٹری ہاؤسز اور تفریحی سہولیات کو اپ گریڈ کیا ہے، جو سیاحوں کو سیاحت اور آرام کی جدید سہولیات کے ساتھ فطرت کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہونے کے منفرد موقع فراہم کرتے ہیں۔
پی ٹی ڈی سی حکام نے کہا ہے کہ یہ اقدام سیاحت کو فروغ دینے، علاقے کی قدرتی خوبصورتی کو بڑھانے اور ایڈونچر کے متلاشیوں کے لیے اعلیٰ معیار کے پرکشش مقامات فراہم کرنے کے لیے پنجاب حکومت کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس پروجیکٹ میں وی آئی پی طرز کے ٹری ہاؤسز اور پہاڑوں میں بیت الخلا کی سہولیات سے لیس گیسٹ رومز بھی ہیں۔ سیاح علاقہ کے دلکش مناظر کے حوالہ سے کہتے ہیں کہ دیودار کے درختوں کے درمیان بنے لکڑی کے کیبن پرلطف ہیں، جہاں سے دلکش نظارے سامنے ہیں اور پرسکون ماحول ہے۔ کوٹلی ستیاں نئے پرکشش مقامات میں تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔
ٹری ہاؤسز جنگل کی دلکشی کو برقرار رکھتے ہوئے سیاحت کا ایک یادگار اور پرتعیش موقع فراہم کرتے ہیں۔ ٹی ڈی سی پی کے مطابق مقامی باشندوں نے ترقی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے چھوٹے کاروباروں کو فائدہ پہنچ رہا ہے اور علاقے میں نئے اقتصادی مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
ٹی ڈی سی پی حکام نے سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے اور سیاحوں کے لیے آرام دہ اور خوشگوارسیاحت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پنجاب کے قدرتی مناظر کی نمائش کے لیے مزید منصوبے متعارف کرانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔








