یوم عاشور کے موقع شہر بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 8 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں،ترجمان راولپنڈی پولیس

یوم عاشور کے موقع شہر بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 8 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں،ترجمان راولپنڈی پولیس

راولپنڈی۔26جون (اے پی پی):یوم عاشور کے موقع پر مرکزی جلوس، مجالس اور دیگر مذہبی اجتماعات کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق شہر بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 8 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں جبکہ مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر 5 ہزار 500 سے زائد افسران و اہلکار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی نے بتایا کہ یوم عاشور کے موقع پر مرکزی جلوس سمیت تمام چھوٹے بڑے جلوسوں اور مجالس کے لیے جامع سکیورٹی پلان پر عمل درآمد جاری ہے۔

ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے 1200 سے زائد ٹریفک پولیس افسران و اہلکار بھی مختلف مقامات پر تعینات ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد رضاکار پولیس کے ساتھ مل کر سکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی جلوس کے روٹ پر واقع گلیوں اور راستوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ حساس مقامات اور بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں۔

جلوس میں شرکت کرنے والے عزاداروں کو باڈی سرچ کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے جبکہ میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کے ذریعے ہر فرد کی مکمل سکیننگ کی جا رہی ہے۔ خواتین کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس اہلکار بھی تعینات ہیں۔ سی پی او کے مطابق شہر بھر میں نصب 2000 سے زائد سیف سٹی اور دیگر نگرانی کے کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ سیف سٹی اور مرکزی کنٹرول روم سے سکیورٹی صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھی جا رہی ہے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی پکٹس قائم ہیں جہاں گاڑیوں اور افراد کی جامع چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ راولپنڈی پولیس کی جانب سے تیار کردہ خصوصی موبائل ایپ کے ذریعے داخلی چیک پوسٹوں، بس اڈوں اور دیگر اہم مقامات پر شہریوں کے شناختی کارڈ فوری طور پر سکین کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی مشتبہ شخص کی بروقت نشاندہی ممکن بنائی جا سکے۔

سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ یوم عاشور پر فول پروف سکیورٹی اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مکمل رابطہ اور ہم آہنگی برقرار ہے جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ضابطۂ اخلاق اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے تاکہ عزاداران حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو مکمل تحفظ اور سہولت فراہم کی جا سکے۔

مزید خبریں