کربلا ناانصافی کے خلاف پکار رہا ہے ،مشعال حسین ملک
کربلا ناانصافی کے خلاف پکار رہا ہے ،مشعال حسین ملک

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):جیل میں بند حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق، انصاف اور دیرپا امن کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بامعنی اور موثر اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ کربلا کا لازوال پیغام پوری دنیا میں جاری ظلم و جبر کے خلاف دنیا اور نا انصافی کے خلاف کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے۔محرم الحرام کے موقع پر جاری ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی عظیم قربانی سچائی، انصاف، صبر اور استقامت کی لازوال علامت ہے جو وقار اور آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
مشال حسین ملک نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی بے مثال قربانی جرات، صداقت اور انصاف کے لیے غیر متزلزل عزم کے اعلیٰ ترین نظریات کی نمائندگی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام وقت سے بالاتر ہے، مظلوم قوموں کو امید اور طاقت دیتا ہے اور انسانیت کو وقار اور استقامت کے ساتھ ظلم کا مقابلہ کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق اور انصاف کے حصول کے لیے بے پناہ مشکلات اور قربانیوں کو برداشت کرتے ہوئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام امت مسلمہ اور وسیع تر عالمی برادری کو مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے، اتحاد، رواداری اور ہمدردی کو فروغ دینے اور ہر حال میں انصاف کو برقرار رکھنے کی ضرورت کی یاد دلاتا ہے۔مشال حسین ملک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق، انصاف اور پائیدار امن کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے زیادہ موثر کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ طاقت عارضی ہوتی ہے جبکہ سچائی، قربانی اور اصولوں کی غیر متزلزل عملداری ابدی رہتی ہے اور دنیا بھر کی نسلوں کو متاثر کرتی رہتی ہے۔








