ڈیرہ غازی خان میں 88 مجالس اور 111 جلوس، فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل
ڈیرہ غازی خان میں 88 مجالس اور 111 جلوس، فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل

مزید خبریں
ڈیرہ غازی خان ۔ 26 جون (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں 10محرم الحرام یومِ عاشورہ کے موقع پر ضلع بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 88 مجالس اور 111 جلوس منعقد ہوں گے، جن کی سکیورٹی کے لیے پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر متعلقہ محکمے مکمل طور پر متحرک ہیں۔
ترجمان ڈیرہ غازیخان پولیس کے مطابق منعقد ہونے والی 88 مجالس میں اے کیٹیگری کی 30، بی کیٹیگری کی 36 اور سی کیٹیگری کی 22 مجالس شامل ہیں، جبکہ 111 جلوسوں میں اے کیٹیگری کے 14، بی کیٹیگری کے 42 اور سی کیٹیگری کے 61 جلوس شامل ہیں۔
یومِ عاشورہ کے موقع پر سینکڑوں پولیس اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ ضلع پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس، لیڈیز پولیس، ٹریفک پولیس اور رضاکار جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔اس کے علاوہ تمام اہم مجالس کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی مسلسل نگرانی جاری رہے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر سنیپ چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ مشکوک افراد کی نگرانی کے لیے ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کے تازہ دم دستے شاہراہوں پر مسلسل گشت کر رہے ہیں۔
پولیس نے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا ہے۔ترجمان نے کہا کہ سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ڈیرہ غازی خان میں اضافی ناکہ بندیاں اور پولیس پکٹس قائم کر دی گئی ہیں۔ ٹرمن، سخی سرور اور چوٹی بالا کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہِ سلیمان سے آنے والے مزید 9 داخلی و خارجی راستوں پر بھی پولیس پکٹس قائم کی گئی ہیں، جو 11 محرم الحرام کی صبح تک فعال رہیں گی۔شہر ڈیرہ غازی خان میں مزید 21 مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کی گئی ہیں جبکہ شہر میں داخل ہونے والے تمام راستوں پر سخت چیکنگ جاری ہے۔ اسی طرح تونسہ سٹی میں بھی مزید 7 ناکہ بندیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ دفاتر اور پولیس لائنز میں موجود تمام دستیاب نفری کو ناکہ بندی پوائنٹس پر تعینات کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رینجرز کے اضافی دستے وہوا پہنچ چکے ہیں جبکہ پاک فوج کے دستوں نے تونسہ، ڈیرہ غازی خان اور کوٹ چھٹہ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی نگرانی تھرمل ڈرونز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے، جبکہ شہر کے اہم چوکوں اور چوراہوں پر سادہ لباس میں ملبوس 170 پولیس اہلکار خفیہ نگرانی پر مامور ہیں۔
اس کے ساتھ سی ٹی ڈی، پولیس اور اسپیشل آپریشنز یونٹ (SOU) کی خصوصی ٹیمیں ڈیرہ اسماعیل خان، صوبہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سرحدی علاقوں میں بھی تعینات ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان پولیس مکمل طور پر متحرک، الرٹ اور مستحکم ہے، جبکہ دہشت گردوں اور امن دشمن عناصر کے خلاف جارحانہ حکمت عملی جاری رکھی جائے گی تاکہ ضلع میں امن و امان کی فضا برقرار رہے۔







