محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی، فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ،عظمیٰ بخاری
محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی، فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ،عظمیٰ بخاری

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 26 جون (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی، فول پروف سکیورٹی اور بہترین انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے آغاز سے قبل ہی تمام متعلقہ اداروے، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو، بلدیاتی ادارے اور دیگر محکمے پوری طرح ہائی الرٹ اور متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود محرم انتظامات کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی مشکل،پریشانی اوردشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شدید گرمی کے پیش نظر عزاداروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سبیلوں کے قیام کے ساتھ ساتھ اینٹی سموگ گنز کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے، جسے عوام اور عزاداروں نے بے حد سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے بھی ان انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے انہیں خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور امن کمیٹیوں کے اراکین کا شکریہ ادا کیا جائے، جنہوں نے مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کے فروغ میں مثالی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ علماء کرام کے تعاون سے پورے پنجاب میں محرم الحرام پرامن ماحول میں گزر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی سفارشات کی روشنی میں حساس جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر سیکیورٹی کے پیش نظر محدود وقت کے لیے موبائل فون سروس معطل کی گئی، جبکہ پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے مربوط حکمت عملی کے تحت فول پروف حفاظتی انتظامات یقینی بنائے۔
صفائی ستھرائی، روشنی، پانی اور دیگر شہری سہولیات بھی بھرپور انداز میں فراہم کی گئیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بھی خصوصی مانیٹرنگ جاری ہے اور نفرت انگیز مواد یا اشتعال انگیزی پھیلانے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی ہمیں صبر، برداشت، اتحاد اور حق و سچ پر قائم رہنے کا درس دیتی ہے۔ آج کا دن ہمیں باہمی احترام، مذہبی رواداری اور قومی یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن کے تمام اضلاع، جن میں فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ شامل ہیں، میں انتظامیہ، پولیس اور کابینہ کے اراکین مسلسل فیلڈ میں موجود رہے اور محرم انتظامات کی خود نگرانی کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر تمام اضلاع میں بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ فرائض انجام دیے گئے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جس طرح گزشتہ سال کی نسبت اس مرتبہ مزید بہتر انتظامات کیے گئے ہیں، آئندہ برس بھی عوام کو اس سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت کا مقصد تمام شہریوں کو پرامن، محفوظ اور سہولتوں سے آراستہ ماحول فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ اس موقع پر مشیر وزیراعلیٰ ذیشان ملک،کمشنر فٰصل آباد مسرت جبیں،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصرو دیگرا علیٰ افسران بھی موجود تھے۔







