ملتان میں ماتمی جلوس پرامن انداز میں جاری ، صوبائی وزیر رانا سکندر حیات اور سلمیٰ بٹ کا گھنٹہ گھر چوک، حرم گیٹ سمیت مختلف جلوسوں کا دورہ ، سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار
ملتان میں ماتمی جلوس پرامن انداز میں جاری ، صوبائی وزیر رانا سکندر حیات اور سلمیٰ بٹ کا گھنٹہ گھر چوک، حرم گیٹ سمیت مختلف جلوسوں کا دورہ ، سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار

مزید خبریں
ملتان۔ 26 جون (اے پی پی):یومِ عاشورہ کے ماتمی جلوس ملتان ڈویژن میں پرامن انداز میں جاری ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے گھنٹہ گھر چوک، حرم گیٹ سمیت مختلف جلوسوں کا دورہ کیا اور بعد ازاں سیف سٹی کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا۔
اس موقع پر کمشنر ملتان عامر کریم خان، آر پی او عثمان گوندل، ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق اور سی پی او صادق علی ڈوگر نے صوبائی وزیر کو یومِ عاشورہ کے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت پنجاب امن و امان کے قیام کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے،جبکہ شرپسندی اور انتہا پسندی کو معاشرے کے ہر طبقے نے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے محرم الحرام کے دوران ملتان ڈویژن میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے مثالی انتظامات کو سراہا۔
کمشنر عامر کریم خان نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں یومِ عاشورہ کے موقع پر 224 مجالس اور 283 ماتمی جلوس برآمد ہو رہے ہیں،حساس جلوسوں اور مجالس کو سیف سٹی کیمروں سے منسلک کیا گیا ہے۔آر پی او عثمان گوندل کے مطابق سکیورٹی کے لیے 13 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق نے بتایا کہ شہر کے تمام اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں اور ڈی سی کنٹرول روم میں تمام متعلقہ محکموں کے نمائندگان موجود ہیں،جبکہ سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ امن کمیٹی کے ارکان اور علماء کرام بھی قیامِ امن کے لیے انتظامیہ کے شانہ بشانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔







