مسقط۔16اکتوبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کا آغاز (کل) اتوار سے عمان اور متحدہ عرب امارات میں ہو رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز دو میچ کھیلے جائیں گے۔
پہلے میچ میں عمان اور پاپوا نیو گنی جبکہ دوسرے میچ میں بنگلہ دیش اور سکاٹ لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ پہلے رائونڈ کے مقابلے آٹھ ٹیموں کے درمیان کھیلے جائیں گے جن میں عمان، بنگلہ دیش، پاپوا نیوگنی، سکاٹ لینڈ، آئرلینڈ، نمیبیا، سری لنکا اور ہالینڈ شامل ہیں۔
ابتدائی مرحلے کے میچز 22 اکتوبر تک جاری رہیں گے اور ہر گروپ میں سرفہرست دو ٹیمیں 23 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ 23 اکتوبر سے ابوظہی میں شروع ہو گا جس میں پہلا میچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جبکہ دوسرا میچ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 24 اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی میں مدمقابل ہوں گی۔
سپر 12 مرحلے میں ہر ٹیم پانچ گروپ میچ کھیلے گی اور دونوں گروپس سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 10 نومبر کو ابوظہبی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ14 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔