لاہور۔6اکتوبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے اور اس نازک وقت میں ملک تصادم اور ٹکرائو کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ اتوار کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے، معیشت کی بحالی اور لاکھوں لوگوں کے روزگار کو بہتر بنانے کے لیے مستحکم سیاسی ماحول انتہائی ضروری ہے، معاشی ترقی اور خوشحالی کا سیاسی استحکام سے گہرا تعلق ہے اور اس کے بغیر طویل المدتی منصوبہ بندی اور پالیسیوں پر عمل درآمد ممکن نہیں۔
انہوں نے تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ انفرادی یا پارٹی ایجنڈے سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دیں اور سیاسی انتشار کے بجائے بہتر حکمرانی اور معاشی اصلاحات کو یقینی بنانے پر توجہ دیں اور سیاسی جماعتوں کے مابین بات چیت و اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے جدو جہد کریں، مہنگائی، بے روزگاری اور گرتے ہوئے زر مبادلہ کے ذخائر سمیت پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے سیاسی قیادت کے درمیان اتفاق رائے ناگزیر ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کا انحصار باہمی تعاون پر مبنی سیاسی حکمت پر ہے۔