پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت شازیہ رضوان کا پنجاب کونسل آف دی آرٹس شیخوپورہ کا دورہ

پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت، حکومت پنجاب شازیہ رضوان نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس، شیخوپورہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کی ثقافتی سرگرمیوں، انتظامی امور اور انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا۔

راولپنڈی۔ 26 ستمبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت، حکومت پنجاب شازیہ رضوان نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس، شیخوپورہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کی ثقافتی سرگرمیوں، انتظامی امور اور انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس شیخوپورہ، وزیر خان لاشاری نے معزز پارلیمانی سیکرٹری کو ادارے کی مجموعی صورتحال، انتظامی امور اور جاری سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے پارلیمانی سیکرٹری کو پنجاب کونسل آف دی آرٹس شیخوپورہ کی عمارت کے قدیم اور بوسیدہ انفراسٹرکچر اور عمارت کے مختلف حصوں میں موجود بنیادی کمزوریوں، ضروری مرمت، تزئین و آرائش بہتری کے لیے درکار سہولیات اور دیگر مسائل اور ضروریات سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر عمارت کی موجودہ حالت اور مستقبل میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے درکار اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پارلیمانی سیکرٹری شازیہ رضوان کو پنجاب کونسل آف دی آرٹس شیخوپورہ کے انتظامی انتظامات، مالی امور اور ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ ادارہ ضلع شیخوپورہ میں فنونِ لطیفہ، تھیٹر، ادب، خطاطی، آرٹ کلاسز، ثقافتی پروگرامز اور دیگر تخلیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ شازیہ رضوان نے شیخوپورہ میں ثقافتی اور فنی سرگرمیوں کے فروغ کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مقامی فنکاروں، ادیبوں، طلبہ اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مزید مواقع فراہم کیے جائیں اور ضلع کی سطح پر ثقافتی سرگرمیوں کا دائرہ کار وسیع کیا جائے۔پارلیمانی سیکرٹری نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس شیخوپورہ کی جانب سے ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور مقامی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔دورے کے اختتام پر ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس شیخوپورہ وزیر لاشاری کی جانب سے شازیہ رضوان کو یادگاری طور پر خوبصورت خطاطی کا فن پارہ پیش کیا گیا، جسے انہوں نے سراہتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر آرٹس کونسل کا شکریہ ادا کیا ۔ شازیہ رضوان نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس شیخوپورہ کے مستقبل کے ثقافتی پروگرامز اور سرگرمیوں کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں اور ادارے کو ثقافت و فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لیے مزید فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔