پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب کی نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گردانہ واقعات کی پرزور مذمت

71

اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ دہشت گردوں کی کوئی نسل اور مذہب نہیں ہوتا۔ پارلیمانی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کو اس دہشت گردانہ حملے پر دوہرا معیار نہیں اپنانا چاہیئے اور اسے دہشت گردی کا واقعہ ہی سمجھا جائے، مغربی میڈیا نے نیوزی لینڈ میں ہونے والے دہشت گردی کے اس واقعے کو اجاگر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ملک بھر سے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کر دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک آزاد و خود مختار ادارہ ہے جو ملکی قانون کے مطابق مجرموں کی تحقیقات اور گرفتاریاں کر رہا ہے، نیب کو ملک کے کسی بھی حصے میں تحقیقات کرنے کا اختیار حاصل ہے۔