پارلیمنٹ کے اختیارات کے حوالے سے چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی کے خدشات بالکل درست ہیں، مفتی عبدالشکور

82

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اختیارات کے حوالے سے چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی نے جن خدشات کا اظہار کیا ہے وہ بالکل درست ہیں، ان امور پر سپیکر قانون سازی کے لئے آگے بڑھیں ہم ان کا ساتھ دیں گے۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مفتی عبدالشکور نے کہا کہ نور عالم خان نے میرا دل جیت لیا ہے، میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ پی اے سی کے لئے نور عالم خان کا انتخاب بہترین ہے، ہمیں قانون سازی کرنی چاہیے کہ پارلیمنٹ قانون ساز ادارہ ہے۔

سپریم کورٹ قانون ساز ادارہ نہیں آئین کی تشریح کرنے والا ادارہ ہے، ججوں کی مراعات اور تنخواہیں کتنی ہیں اور پارلیمنٹرینز کی تنخواہیں اور مراعات کتنی ہیں۔ منتخب ارکان جو مہمانوں کا اکرام کرتا ہے ہماری تنخواہیں ان اخراجات سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ پارلیمنٹرینز کا احتساب ہو سکتا ہے تو سب کا احتساب ہونا چاہیے۔ حزب اختلاف قومی مسائل سامنے لائے ہم ان کا ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حج آپریشن مکمل ہونے پر سابقہ حجوں اور موجودہ حج کی تفصیلات سامنے لائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی میں صرف کرپشن نہیں ہو رہی بلکہ ڈاکے ڈالے گئے ہیں مگر وہاں پر کسی کا احتساب نہیں ہوسکتا۔ فاٹا مظلوم اور دہشتگردی کا شکار رہا ہے، ان کے حقوق پر جو ڈاکے ڈالے گئے ہیں ان سے پوچھ لیں، 20 اور 25 فیصد سرعام لیا جاتا ہے،چور مچائے شور والا محاورہ ان پر صادق آتا ہے۔

الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد مولانا فضل الرحمان کا بیانیہ سچ ثابت ہوا، انہیں بتانا چاہیے کہ انہوں نے یہودیوں سے رقوم کیوں لیں۔ انہوں نے کہا کہ پی اے سی کے چیئرمین نے پارلیمنٹ کے اختیارات کے حوالے سے جو باتیں کی ہیں سپیکر اس حوالے سے موثر قانون سازی کا آغاز کریں ہم ساتھ دیں گے۔ کسی کو بھی استثنیٰ حاصل نہیں ہونا چاہیے، مساجد، مدارس اور خانقاہوں کے حوالے سے ماضی میں جو قانون سازی ہوئی ہے اس پر بھی نظرثانی کی جائے۔