پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے قبیح واقعہ کی مذمت کی جائےگی،جمعہ کو ملک بھر میں یوم تقدس قرآن منایا جائےگا،سویڈن واقعہ پر ملک گیر احتجاج اور ریلیاں ہوں گی،مریم اورنگزیب

175
مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے آج ہونے والے مشترکہ اجلاس میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے قبیح واقعہ کی شدید مذمت کی جائے گی۔ پارلیمنٹ کے فورم سے دنیا کو اسلام اور دیگر مذاہب کے احترام کا پیغام دیا جائے گا،

وزیراعظم شہباز شریف بھی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔ قومی احساسات کی ترجمانی کرتے ہوئے ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کا ذکر کریں گے جبکہ (کل) جمعہ کو ملک بھر میں یوم تقدس قرآن منایا جائے گا، سویڈن واقعہ پر ملک گیر احتجاج اور ریلیاں ہوں گی۔

جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام جماعتوں اور قوم سے احتجاج میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ "میں مذمت کرتا ہوں” مہم بھی شروع کی گئی ہے، قوم خاص طور پر نوجوان اس میں بھرپور حصہ لیں اور یوم تقدس قرآن کو ایک تحریک میں بدل دیں۔