ایبٹ آباد۔ 23 مارچ (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہ رخ علی کی ہدایت پر جی ڈی اے ایبٹ آباد نے گلیات کے پارکوں، سکولوں اور کالجوں میں ”گرین پاکستان اقدام“ کے نام سے پھلدار درخت لگانے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کے بنیادی مقاصد خطہ کی سماجی و اقتصادی حیثیت کو بلند کرنا، ایک صاف ستھرے اور سرسبز ماحول کو فروغ دینا اور طلباءکو درخت لگانے کی سرگرمیوں میں تعلیم دینا اور شامل کرنا ہے۔
جی ڈی اے کا مقصد ہے کہ درخت لگانے کے فوائد سے متعلق بچوں کو بھی آگاہی فراہم کی جائے، ہم گلیات کو صاف ستھرا، سرسبز اور مزید متحرک بنانے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔ واضح رہے کہ گلیات اپنی خوبصورتی، صاف و شفاف آب و ہوا اور گرمیوں کے سیزن میں متعدل موسم کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے، ہمارا مقصد یہاں آنے والے سیاحوں کو گرین پاکستان اقدام کے ذریعہ مزید بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔