اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد کے پارک روز اینڈ جیسمین گارڈن میں سی ڈی اے کےانوائرنمٹ ونگ کی جانب سے تین روزہ ’’فلاور اینڈ برڈز‘‘نمائش 2025 کا انعقاد کیاگیا۔
نمائش میں پھولوں کا شوق اور ان سے محبت کرنے والے ہزاروں لوگوں نے پھولوں کی تین روزہ نمائش کا نہ صرف دورہ کیا بلکہ لاکھوں روپے کے پھولوں کی خریدکے آرڈرز بھی کیے ۔ شہریوں کی بھرپور شرکت اور دلچسپی کے ساتھ دارالحکومت کے شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور موسم بہار کے انمول پھولوں سے لطف اندوز ہوئے۔ترجامن سی ڈی اے کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پھولوں کی نمائش میں ملک بھر سے لائے گئے نایاب اور رنگ برنگے پھولوں کے ساتھ ساتھ مختلف اقسام کے غیر ملکی پرندوں نے شہریوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔
خصوصاً بچوں اور نوجوانوں نے پھولوں کی خوبصورتی اور پرندوں کی چہچہاہٹ سے بھرپور لطف اٹھایا۔ انوائرمنٹ ونگ کے مطابق نمائش میں مختلف اقسام کے نایاب پھولوں اور پرندوں کو شامل کیا گیا ہے۔فلاور اینڈ برڈز نمائش 2025 میں سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے بچوں کیلئے مختلف ثقافتی تفریحی سرگرمیوں جس میں گھوڑے اور بگھی کی سواری سمیت جمپنگ کاسلز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اسی طرح نمائش میں مختلف ریفریشمنٹس سمیت سووینرز کے اسٹالز بھی شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام محمد علی رندھاوا نے انوائرنمٹ ونگ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی نمائشوں کو ہر باقاعدگی سے منعقد کیا جائے اور اس کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ اسلام آباد کے تمام بڑے پارکس میں اس قسم کی ثقافتی و تفریحی سرگرمیاں باقاعدگی کے ساتھ منعقد کی جائیں تاکہ شہریوں کو معیاری اور منفرد تفریحی مواقع میسر آسکیں۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام نے مزید کہا کہ یہ نمائش نہ صرف اسلام آباد کی قدرتی خوبصورتی اور حسن کو اجاگر کرتی ہے بلکہ شہریوں میں ماحول دوست سرگرمیوں کے فروغ کا بھی بہترین ذریعہ ہے،ہماری یہ کوشش ہے کہ اسلام آباد کو ایک صاف ستھرا، سرسبز اور خوبصورت شہر کے طور پر دنیا بھر میں پہچانا جائے۔