پالیسی بناتے وقت اسٹیک ہولڈرز کی رائے لی جائے گی، ہارون اختر خان

پالیسی بناتے وقت اسٹیک ہولڈرز کی رائے لی جائے گی، ہارون اختر خان

لاہور۔8اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ پالیسی بناتے وقت اسٹیک ہولڈرز کی رائے لی جائے گی،ان کی رائے کے بغیر بنائی گئی پالیسیاں نتیجہ خیز نہیں ہوتیں،برآمدات کے فروغ اور صنعتی استعداد کار میں اضافے کیلئے قائم ٹاسک فورس سے مختلف شعبوں کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے برآمدات کے فروغ اور صنعتی استعداد کار میں اضافے سے متعلق ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کے بعد ’’اے پی پی‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں انہوں نے ٹاسک فورس کے دفتر کا افتتاح کیا۔اس موقع پر چیئرمین ٹاسک فورس ملک محمد اعظم اور ٹاسک فورس کے دیگر ممبران بھی انکے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا کہ برآمدات کے فروغ اور صنعتی استعداد کار میں اضافے کیلئے قائم کی گئی ٹاسک فورس میں ایکسپورٹس سے وابستہ تمام شعبوں کے کاروباری افراد شامل ہیں اور یہ پاکستان کی صنعتی پیداوار میں اہم کردار ادا کرے گی۔ہارون اختر خان نے کہا کہ یہ ٹاسک فورس انہوں نے خود بنائی ہے اور آج وہ ان کے پاس چل کر آئے ہیں،انکی مشاورت اور رائے سے پالیسیاں بنائی جائیں گی کیونکہ ان کے بغیر پالیسیاں بنائیں گے تو کامیاب نہیں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ آج یہاں ٹاسک فورس کے دفتر کا افتتاح کیا ہے اور انکے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ چلتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ تلاش میں رہتے ہیں کہ ایسے افراد کو جمع کیا جائے جن کو کام کا وژن ہو اور ٹاسک فورس کے چیئرمین ملک محمد اعظم کو کام کا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹاسک فورس کے قیام سے لیدر،میٹ، رائس، اسپورٹس، کارپٹ سمیت دیگر ایکسپورٹس میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ سمجھتے ہیں کہ کاروباری سیکٹر کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے اور جب آپ ان کو ساتھ ملاتے ہیں تو آدھے مسائل ویسے ہی حل ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ سب کے ساتھ ملکر کام کریں گے کیونکہ آپ سب نے محنت کی ہے۔

مشکل حالات میں کاروباری افراد نے جس طرح اپنا کاروبار برقرار رکھا ہے،اس کے پیچھے بڑی محنت ہے۔چیئرمین ٹاسک فورس ملک محمد اعظم نے وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری افراد ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ہمیں آپ کے تعاون اور رہنمائی درکار ہوگی،جس پر ہارون اختر خان نے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔