پاکستان میں یورپی سنیما اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کے لیےپانچواں یورپی فلم فیسٹیول (EUFF) رواں ہفتے کے آخر میں شروع ہوگا جس کے تحت اسلام آباد، سیالکوٹ اور جامشورو/حیدرآباد میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا
پانچویں یورپین فلم فیسٹول 2026 کی پاکستان میں واپسی، رواں ہفتے کے آخر میں آغاز ہوگا

مزید خبریں
اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں یورپی سنیما اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کے لیےپانچواں یورپی فلم فیسٹیول (EUFF) رواں ہفتے کے آخر میں شروع ہوگا جس کے تحت اسلام آباد، سیالکوٹ اور جامشورو/حیدرآباد میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔فیسٹیول یورپی اور پاکستانی سنیما، لائیو پرفارمنسز، باہمی سرگرمیوں اور ثقافتی تبادلے کے ذریعے شائقین کو ایک دوسرے کے قریب لائے گا۔ یورپی یونین کے زیر اہتمام اور اولو موپولو میڈیا کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے فیسٹیول میں یورپی ممالک کی فیچرودستاویزی فلمیں اور تجرباتی مختصر فلموں کے علاوہ پاکستانی مختصر فلموں کا منتخب مجموعہ بھی پیش کی جائیں گی۔ فیسٹیول میں لائیو پرفارمنسز، بچوں کے لیے خصوصی پروگرام، انٹرایکٹو فن پارے اور فلم سازوں کے لیے ایک خصوصی صنعتی نشست بھی شامل ہوگی۔یورپی فلم فیسٹیول پہلی بار 2021میں پاکستان میں منعقد ہوا تھا اور اس کے بعد سے یہ فیسٹیول گلگت، کوئٹہ، پشاور، گجرات، فیصل آباد، ملتان، لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں منعقد ہو چکا ہے جس کا مقصد سنیما کے ذریعے ثقافتی تبادلے اور مکالمے کو فروغ دینا ہے۔فلم فیسٹیول کا سال 2026 کا ایڈیشن 12 اور 13 ستمبر کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA) اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ فلموں کی نمائش کے ساتھ ساتھ پروگرام میں اسٹینڈ اپ کامیڈی اور امپروو پرفارمنسز بھی پیش کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ بچوں اور فیملیز کے لیے ایک خصوصی یورپی فلم، داستان گوئی اور موسیقی کی پرلطف نشست کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔اسلام آباد کے بعد یہ فیسٹیول 16 اور 17 ستمبر کو سیالکوٹ کے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی اورGRID by BLCKمیں منعقد ہوگا۔ بعد ازاں فیسٹیول کا اختتام 29 اور 30 ستمبر کو جامشورو میں سیبس (SABS) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز میں ہوگا جہاں اختتامی تقریب میں لائیو میوزیکل پرفارمنس بھی پیش کی جائے گی۔فلموں کی نمائش کے ساتھ شائقین کو کئی منفرد اور دلکش سرگرمیاں بھی دیکھنے کو ملیں گی۔ ان میں’ای یو ایف ایف پاکستان ایکسپریس (EUFF-Pakistan Express) ٹرین پر مبنی فن پارے، وال آف فیم، ہیومن سلاٹ گیم، ریڈنگ نوک اور کڈز کارنر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ رواں سال کے انڈسٹری پروگرام کے تحت پہلی بار ‘فلم میکرز مکسر’ کے عنوان سے ایک نیا سیشن بھی متعارف کرایا جا رہا ہے
فیسٹیول کا بنیادی مقصد نوجوانوں، خاندانوں، فلمی صنعت سے وابستہ افراد، شائقین اور سفارت کاروں کو سنیما کے ذریعے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے۔ یہ ایونٹ سنیما کو بین الثقافتی ہم آہنگی کا ذریعہ بناتے ہوئے فلمی مکالمے کو وسعت دینے، نئے تجربات متعارف کرانے اور باہمی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔







