یوتھ پارلیمنٹ پاکستان (این جی او) کے طلباء و طالبات پر مشتمل وفد نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا
یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے طلباء و طالبات کے وفد کا پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ

مزید خبریں
راولپنڈی ۔10ستمبر (اے پی پی):یوتھ پارلیمنٹ پاکستان (این جی او) کے طلباء و طالبات پر مشتمل وفد نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں اے ایس پی نیو ٹائون، ڈی ایس پی ایڈمن اور دیگر پولیس افسران نے وفد کو مختلف شعبہ جات، جدید پولیسنگ کے نظام اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔پولیس ترجمان کے مطابق وفد نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں انہیں جدید مانیٹرنگ نظام، پولیسنگ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور جرائم کی روک تھام و شہریوں کے تحفظ میں ٹیکنالوجی کے کردار سے آگاہ کیا گیا۔وفد نے کمپلینٹ سیل کا بھی دورہ کیا جہاں طلباء و طالبات کو شہریوں کی شکایات کے اندراج، ان کے بروقت ازالے اور شکایات کی نگرانی کے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وفد نے تحفظ سینٹر راولپنڈی کا دورہ بھی کیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق تحفظ سینٹر ٹرانسجینڈرز کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ضروری سہولیات و معاونت کی فراہمی کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ وفد کو شہریوں خصوصاً خواتین، بچوں اور دیگر متاثرہ افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات، تحفظ اور معاونت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔دورے کے اختتام پر طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے وفد کی جانب سے اے ایس پی نیو ٹائون، ڈی ایس پی ایڈمن اور دیگر پولیس افسران کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔پولیس ترجمان کے مطابق تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کے ایسے مطالعاتی دوروں کا مقصد نوجوان نسل کو پولیسنگ کے جدید نظام، شہریوں کی خدمت، قانون کے نفاذ اور ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے آگاہ کرنا ہے۔







