پانچ روزہ انسداد پولیو مہم شروع ، مہم میں 12.6 ملین بچوں کو حفاظتی قطرے پلوانے کا ہدف رکھا گیا ہے ،عبدالقادر پٹیل

71

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہاہے کہ پولیو کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ پیر کو شروع ہونے والی مہم میں 12.6 ملین بچوں کو حفاظتی قطرے پلوانے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔

پیر کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران 12.6 ملین بچوں کو حفاظتی قطرے پلوانے کا ہدف رکھا گیا ہے ، 25 اضلاع پولیو کیلئے حساس قرار دیئے ہیں ، حساس اضلاع میں تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ باقی اضلاع میں مخصوص یونین کونسل میں مہم ہو گی ۔ مہم میں ایک لاکھ سے زیادہ تربیت یافتہ فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جاکر بچوں کو حفاظتی قطرے پلوائیں گے ۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ حکومت نے پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اور مربوط حکمت ترتیب دی ہے ۔پولیو کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے ہم سب کو اپنی ذمہ داری پوری کرنے اشد ضرورت ہے ۔ہمارا مقصد پانچ سال تک کے تمام بچوں کو حفاظتی قطروں کی رسائی کو یقینی بناناہے۔پولیو کے لئے حساس قرار دیئے جانے والے اضلاع ہماری ترجیح ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں سے پولیو وائرس کا خاتمہ اور دوسرے علاقوں کو وائرس سے محفوظ بنانا ہے۔

تمام والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے بچوں کو مہم میں حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں ۔ پولیو وائرس ابھی بھی ہمارے ماحول میں موجود ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وائرس سے تب ہی مکمل نجات ممکن ہے جب تمام بچوں تک ویکسین کی رسائی کو یقینی بنائیں گے، معاشرے کا ہر طبقہ پولیو کے خاتمے کیلئے حکومت کا ساتھ دے ۔ لاچاری اور معزوری ہماری قوم کا مستقبل نہیں ،قطرے پلانے سے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جاسکتا ہے۔