کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی ادارہ صحت کا بروقت تعاون مثالی رہا،پاکستان میں اس وبائی مرض کوموثراندازمیں کنٹرول کیاگیا،چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہےکہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی ادارہ صحت کا بروقت تعاون مثالی رہا،پاکستان اس خطے کا واحد ملک ہے جہاں اس وبائی مرض کو موثر انداز میں قابو کیا گیا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کاا ظہارانہوں نے پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر پلیتھا گونراتھنا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سےملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر پلیتھا نے چیئرمین سینیٹ کو ڈبلیو ایچ او کے پاکستان میں منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان اس خطے کا واحد ملک ہے جہاں اس وبائی مرض کو موثر انداز میں قابو کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ڈبلیو ایچ او کا بروقت تعاون مثالی رہا۔امید ہے ڈبلیو ایچ او پاکستان کے لیے تعاون کی فراہمی جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں عالمی ادارہ صحت نے ہمیشہ مدد کی ہے۔

انسداد پولیو کے اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کورونا وائرس (کووڈ۔ 19) ویکسین تک رسائی کے لیے بہترین تعاون فراہم کرنے پر ڈاکٹر پلیتھا شکریہ ادا کیا۔