پانچ سال تک کی عمر کے 4 کروڑ بچوںکو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے لئے پیر سے پانچ روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو چکی ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان

101

اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پیر سے پانچ سال تک کی عمر کے 4 کروڑ بچوںکو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے لئے پانچ روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو چکی ہے۔ پیر کواپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران 2 لاکھ 85 ہزار فرنٹ لائن ورکرز ملک بھر میں کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا پر قابو پانا ہمارے لئے بہت بڑا چلنج ہے تاہم مشکل حالات کے باوجود صحت سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

حکومت بچوں کی قوت مدافعت میں اضافے کے لئے پولیوسمیت دوسری بیماریوں کے تدارک کے لےے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال والدین کے تعاون اور فرنٹ لائن ورکرز کی بہترین کارکردگی کے باعث 6 کامیاب انسداد پولیو مہمات کا انعقاد کیاگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 6 ماہ میں ہونے والی کامیاب انسداد پولیو مہمات کے نتائج کے مطابق پولیو کیسز میں بڑی حد تک کمی ہوئی ہے ۔ انہوں نے فرنٹ لائن ورکرز کی بہترین کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ فرنٹ لائن ورکرز اس بار بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہم میں اپنا مطلوبہ ہدف حاصل کریں گے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ انہیں پوری زندگی کی معذوری سے بچایا جا سکے۔