اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):پاور ڈویژن نے الیکٹرک گاڑیوں، موٹرسائیکلز اور الیکٹرک رکشہ کے فروغ کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ملک بھر میں بیٹری چارجنگ سٹیشنز کے قیام کے معیار کا مسودہ تیار کر لیا۔پیر کو پاور ڈویژن کے جاری اعلامیہ کے مطابق پاور ڈویژن نے الیکٹرک گاڑیوں، موٹرسائیکلز اور الیکٹرک رکشہ کے فروغ کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ملک بھر میں بیٹری چارجنگ سٹیشنز کے قیام کے معیار کا مسودہ تیار کر لیا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چارجنگ سٹیشنز کو سستی بجلی فراہم کرنے پر غور ہو رہا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا ہے کہ چارجنگ سٹیشنز کا قیام عالمی معیارات پر عمل میں لایا جائے گا، تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد مسودہ جلد پاور ڈویژن سے منظور کرایاجائے گا، چارجنگ سٹیشن کے لیے بجلی کے کنکشنز ترجیجی بنیاد پر دئیے جائیں گے، چارجنگ سٹیشنز کو سستی بجلی کی فراہمی پر غور کیا جا رہا ہے، چارجنگ سٹیشن کے لیے بجلی کی سپلائی اور وولٹیج کو یقینی بنایا جائے گا۔
اویس لغاری نے مزید کہا کہ ان اقدامات سے پٹرول پر چلنے والی گاڑیوں کےاخراجات میں خاطر خواہ کمی ہو گی،اقدامات کے نفاذ سے پاکستان میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چارجنگ بیٹریز کی ٹیسٹنگ کیلئے معیاری ٹیسٹنگ سنٹرز قائم کیے جائیں گے۔