پاور ڈویژن کے پہلے نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا آغاز ، انوویشن حب مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا،ترجمان

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن)نے پاکستان کے پہلے نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا جس کے لیے انوویشن حب مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام پاکستان کے پاور سیکٹر میں اختراع کے فروغ کے لیے جامع قومی ادارہ جاتی نظام کے قیام کی جانب اہم قدم ہے، انوویشن حب …

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن)نے پاکستان کے پہلے نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا جس کے لیے انوویشن حب مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام پاکستان کے پاور سیکٹر میں اختراع کے فروغ کے لیے جامع قومی ادارہ جاتی نظام کے قیام کی جانب اہم قدم ہے، انوویشن حب کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں، محققین، جامعات، سٹارٹ اپس، صنعت اور ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے گا تاکہ ملک کو درپیش توانائی کے چیلنجز کے لیے عملی اور اختراعی حل تیار کیے جا سکیں۔

نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا مقصد قابلِ عمل اور مؤثر خیالات کی نشاندہی، جانچ، سرپرستی اور معاونت کے ذریعے اختراعی تصورات اور تحقیقی کاوشوں کو ایسے آزمودہ اور قابلِ توسیع حل میں تبدیل کرنا ہے جو پاکستان کے پاور سیکٹر کو زیادہ مؤثر، قابلِ اعتماد اور پائیدار بنانے میں معاون ثابت ہو۔ پروگرام کے تحت آئندہ تین برسوں کے دوران ایک ارب روپے سے زائد رقم کامیاب اختراعات کی سرپرستی، تکنیکی معاونت، آزمائشی نفاذ اور قابلِ عمل منصوبوں کو قومی سطح پر وسعت دینے کے لیے مختص کی جائے گی۔وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے اس موقع پر کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹلائزیشن، جدید ٹیکنالوجیز اور نئے کاروباری ماڈلز نے ترقی کے تقاضوں کو بھی تبدیل کر دیا ہے، اگر ادارے مسلسل اختراع نہ کریں تو وہ ترقی کی رفتار برقرار نہیں رکھ سکتے، اس لیے آج ہمارے پاور سیکٹر کو صرف مزید محنت کی نہیں بلکہ مزید اختراع، مزید تخلیقی سوچ اور مسلسل بہتری کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ پاور سیکٹر میں اپنی نوعیت کا پہلا مستقل قومی ادارہ جاتی نظام ہے جس کے ذریعے اختراعی خیالات کو تلاش کیا جائے گا، ان کی جانچ کی جائے گی، ان کی سرپرستی کی جائے گی، انہیں رہنمائی و عملی معاونت فراہم کی جائے گی اور بہترین خیالات کو قابلِ عمل حل میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے ذریعے نوجوان پاکستانیوں کو ملک کے پاور سیکٹر کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے اپنے اختراعی خیالات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ انوویشن حب کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے خواہشمند طلبہ، محققین، سٹارٹ اپس اور نوجوان پیشہ ور افراد اپنے خیالات جمع کرا سکیں گے اور پاکستان کے توانائی کے مستقبل کی تشکیل کے لیے جاری اس قومی کاوش کا حصہ بن سکیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کے تحت امید افزا خیالات کو محض تصورات اور تحقیقی مراحل تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں سرپرستی، تکنیکی معاونت، آزمائشی نفاذ اور قومی سطح پر عملی توسیع کے مراحل سے گزارنے کے لیے ایک جامع راستہ فراہم کیا جائے گا، یہ پروگرام پاکستان کے پاور سیکٹر میں جدت اور اختراع کے فروغ، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور توانائی کے شعبے میں درپیش پیچیدہ مسائل کے لیے مقامی سطح پر جدید، مؤثر اور پائیدار حل تیار کرنے کی جانب اہم قومی اقدام ہے۔