پاکستان، آسٹریلیا اور زمبابوے کے درمیان ہونے والی ٹرائی اینگولر ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز آسان نہیں ہوگی، اچھی کرکٹ کھیل کر سیریز میں فتح حاصل کریں گے، ٹاس اہمےت کا حامل ہوگا، سرفراز احمد

لاہور۔27 جون(اے پی پی ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پاکستان، آسٹریلیا اور زمبابوے کے درمیان ہونے والی ٹرائی اینگولر ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز آسان نہیں ہوگی تاہم ہماری کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اور سیریز میں فتح حاصل کریں۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹرائی اینگولر سیریز میں شامل آسٹریلیا کی ٹیم مضبوط ہے اور ان کے نئے کھلاڑی بھی جانتے ہیں کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ کیسے کھیلنی ہے اور ہم اس سیریز کو آسان نہیں لیں گے۔ ٹیم کی اچھی تیاری ہے، اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ ٹی ٹونٹی میں کوئی بھی ٹیم ہلکی نہیں ہوتی۔ ہماری ٹیم ٹی ٹونٹی میں دنیا کی نمبر ون ٹیم ہے تاہم سیریز کے دوران اس کا دباﺅ نہیں لیں گے اور اپنی نارمل کرکٹ کھیلیں گے۔ زمبابوے کا دو بار دورہ کرچکا ہوں لیکن ہر بار وکٹ مختلف ہوتی ہے۔ 2013ءمیں زمبابوے کی وکٹیں گراسی تھیں اور بال کافی باﺅنس ہو رہا تھا جبکہ 2015ءمیں وکٹیں کافی سلو تھیں اور وکٹ میں نمی بھی زیادہ تھی اب وہاں کا موسم کافی ٹھنڈا ہے اور میچ بھی جلدی شروع ہوگا اسلئے وہاں کی کنڈیشنز دیکھ کر ٹیم کو میدان میں اتاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیریز میں ٹاس اہمیت کا حامل ہوگا۔