24.8 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان، مراکش پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا اجلاس، دوطرفہ تعاون مزید مستحکم بنانے...

پاکستان، مراکش پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا اجلاس، دوطرفہ تعاون مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

- Advertisement -

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):پاکستان-مراکش پارلیمانی دوستی گروپ میں دونوں فریقین نے تعلیم، صحت، تجارت اور زراعت جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے میں باہمی دلچسپی کا اظہار کیاہے۔اراکین نے زور دیا کہ مسلسل مکالمہ، باقاعدہ تبادلے اور عملی اقدامات دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے اور عوام سے عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کے لیے ایک محرک کا کردار ادا کریں گے۔پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان مراکش دوستی گروپ کا اجلاس سینیٹر بلال احمد خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مراکش کے سفیر محمد کرمونے، رومانیہ کے اعلی حکام اور سینیٹ کے اراکین سینیٹر فیصل سلیم رحمان، میر دوستین خان ڈومکی، عمر فاروق اور چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر شامل نے شرکت کی۔اپنے افتتاحی کلمات میں سینیٹر بلال احمد خان نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی، اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ سینیٹرز اور چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں فریقین نے تعلیم، صحت، تجارت اور زراعت جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے میں باہمی دلچسپی کا اظہار کیا۔

گروپ نے زور دیا کہ باقاعدہ پارلیمانی تبادلے طویل مدتی تعاون اور عوام سے عوام کے درمیان رابطوں کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر سکتے ہیں۔مصباح کھر نے دوطرفہ اور آئینی پالیسی فریم ورک کے اندر ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے تجارت، سیاحت اور ثقافتی تبادلے کو طویل مدتی شراکت داری کے لیے کلیدی شعبوں کے طور پر شناخت کیا۔محمد کرمونے نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے مراکش کے عزم کی تصدیق کی۔ انہوں نے پاکستان سے زیادہ درآمدات کی حوصلہ افزائی کرکے تجارت کو متوازن کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس میں مراکش کے شہریوں کو پاکستانی ویزوں کے حصول میں درپیش چیلنجز پر بھی بات کی گئی۔ محمد کرمونے نے کہا کہ مراکش نے پاکستانی شہریوں کے لیے ای ویزا کی سہولت پہلے ہی فراہم کر دی ہے اور درخواست کی کہ مراکش کے درخواست دہندگان کے لیے بھی اسی طرح کی سہولت فراہم کی جائے۔

- Advertisement -

انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی دوروں کی دعوت بھی دی۔سینیٹر فیصل سلیم رحمان نے مستقبل کے تعاون کے لیے کئی امید افزاء شعبوں کی نشاندہی کی، جن میں تعلیم، طبی سامان، کھیل، سیاحت اور دفاعی تربیت شامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان سیاحت کو فروغ دینے کے لیے دوطرفہ معاہدہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں طلباء کو صوبائی بنیاد پر وظائف دیے جانے چاہئیں۔اجلاس کا اختتام دونوں فریقین کی جانب سے مسلسل پارلیمانی سفارت کاری اور بہتر ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے پاکستان-مراکش تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کی تجدید کے ساتھ ہوا۔ اراکین نے زور دیا کہ مسلسل مکالمہ، باقاعدہ تبادلے اور عملی اقدامات دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے اور عوام سے عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کے لیے ایک محرک کا کردار ادا کریں گے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں